پشاور(صباح نیوز) خیبرپی کے حکومت نے کہا ہے کہ پولٹری سے وابستہ افراد احتیاط کرکے ہی انفلوائنزہ وائرس سے بچ سکتے ہیں، جبکہ گھروں میں مرغیاں پالنے والے بھی ضروری ٹیسٹ کروائیں۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپی کے میں بھی انفلوائنزہ وائرس یعنی برڈ فلو کے خطرات منڈلانے لگے۔ محکمہ لائیو سٹاک خیبرپی کے نے متعلقہ افسران کو الرٹ رہنے اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔انفلوائنزہ وائرس کا ایچ 1 ،این 1 اور ایچ 5 ،این 1 وائرس پھیلنے کااندیشہ ظاہرکیاجارہاہے۔ جوپرندوں سے انسانوں میںمنتقل ہوتاہے۔ اس وائرس کو برڈ فلو کے نام سے جاناجاتاہے۔ پنجاب میں متاثرہ افراد سامنے آنے کے بعدخیبرپی کے میں بھی الرٹ جاری کر دیا گیاہے۔لائیوسٹاک حکام کاکہناہے کہ پولٹری سے وابستہ افراد احتیاط کرکے ہی اس وائرس سے بچ سکتے ہیں، جبکہ گھروں میں مرغیاں پالنے والے بھی ضروری ٹیسٹ کروائیں۔