سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف سے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے جاتی امراءرائے ونڈ میں ملاقات کی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ میاں نوازشریف نے مفتاح اسماعیل کو ہدایات دیں کہ 15 فروری تک برآمدکنندگان کے سیلز ٹیکس سو فیصد ری فنڈ کئے جائیں۔ انفرادی انکم ٹیکس میں فوری کمی لائی جائے اور اس کی شرح 15 فیصد سے زائد نہیں ہونی چاہئے۔ یہ بھی ہدایت کی کہ ایک لاکھ روپے ماہانہ آمدن پر کوئی انکم ٹیکس نہ لیا جائے۔ ٹیکس کے نرخوں بارے صنعتکاروں کی شکایات کا ذکر کرتے ہوئے نوازشریف نے ٹیکس کے نرخوں میں کمی لانے کی بھی ہدایت کی تاکہ پاکستانی صنعتکار جنوبی ایشیا کے صنعتکاروں کا مقابلہ کرسکیں۔