پاکستان آرمی کی آرمرڈ کور نے ملک میں دہشت گردوں کیخلاف جنگ کے دوران نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا، فوجی جوانوں نے افغانستان کے تورہ بورہ پہاڑوں کی مخالف سمت بریخ کنڈا پاس جو سطح سمندر سے 12 ہزار فٹ کی بلندی پر واقع ہے، پر ٹینک چڑھا دیئے اور وہاں دہشت گردوں کا قلع قمع کر دیا۔
فوجی مہارت کے بین الاقوامی معیارمیں پاک فوج سرفہرست رہی ہے رواں سال بھی پاک فوج کی ٹیم نے برطانیہ میں کیمبرین پٹرول مقابلے میں مسلسل چوتھی بار گولڈ میڈل حاصل کیا۔ یہ بہترین تربیت ہی کا نتیجہ ہے کہ پاکستانی بہادر فوج نے کامیابی کے ساتھ فاٹا سے دہشت گردوں کا صفایا کیا، خفیہ ٹھکانے تباہ کئے اور بڑی قربانیاں دیں۔ اپریشن ردالفساد سے قبل پاکستانی فوج نے راہ حق1، راہ حق 2 ، صراط مستقیم، بلیک تھنڈر سٹارم، شیردل، راہ حق 111 اور راہ راست، سوات، ضرب عضب اور راہ نجات آپریشن کئے۔ پاک فوج کو آج بھی اندرون ملک اور سرحدوں پر چیلنجز کا سامنا ہے جن سے وہ جانفشانی سے نبرد آزما ہے۔ مغربی و مشرقی سرحد پر دفاعی اقدامات کرتے ہوئے جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جاتا ہے۔ گزشتہ روز دہشتگردوں نے افغان سرحد پار سے حملہ کیا جسے پاک فوج نے ناکام بناتے ہوئے دہشت گردوں کو بھاگنے پر مجبور کر دیا۔ ایسے حملے بھارت کے ایما پر ہوتے ہیں، بزدل دشمن افغان سرزمین پاکستان میں دہشت گردی کیلئے بھی استعمال کرتا ہے۔ گزشتہ روز پشین اور پنجگور میں لیویز اور سیکورٹی فورسز کی گاڑیوں کے قریب دھماکے ہوئے جن میں تحصیلدار اور اہلکاروں سمیت گیارہ افراد زخمی ہوگئے۔ پاک فوج دہشت گردی اور دہشت گردوں کے خاتمہ کیلئے اپنی جانوں پر کھیل رہی ہے۔ قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے جس سے وہ یقیناً دہشت گردی کے خاتمے اور تمام چیلنجز سے نمٹنے میںسرخرو ہو گی۔