شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی رہنما ملک محمد اقبال نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے بیرون ممالک کے دورے ملکی معیشت کی بحالی کے لئے موثر ثابت ہوں گے اُن کا ترکی کا دورہ سعودی عرب اور چین کے دوروں کی طرح کامیاب رہا جو خطے میں اہم تبدیلیوں کا پیش خیمہ ہیں۔ حکومت مسلم ممالک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے او آئی سی کے کردار کی مضبوطی کے خواہاں ہے، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے ہالینڈ میں خاکوں کا مقابلہ رکوانے کیلئے کوششیں کامیاب ہوئیں وزیراعظم عمران خان اس مسئلے کے مستقل حل کیلئے اقوام متحدہ سے قانون سازی کیلئے کوشاں ہیں۔ عمران خان کے دورہ ترکی سے مسئلہ کشمیر کے حل پر بات ہوئی ترکی مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کا حامی رہا ہے،انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی آج عروج پر ہے‘ بھارتی فورسز کی سفاکیت اور بربریت سے کشمیریوں کے پایہ استقلال میں کوئی لرزش نہیں آرہی پاکستان اور ترکی سمیت کئی ممالک کشمیریوں کی اخلاقی اور سفارتی مدد کررہے ہیں سابق حکمرانوں نے کشمیر کاز کو نقصان پہنچایا جس کا خمیازہ کشمیری بھگت رہے ہیں۔