عمران خان سلیکٹڈ وزیراعظم، حکومت چلانا کٹھ پتلیوں کا کام نہیں: اسفند یار

Jan 08, 2019

پشاور (آن لائن) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا عمران خان غیرسنجیدہ اور سلیکٹڈ وزیراعظم ہیں، حکومت چلانا کٹھ پتلیوں کاکام نہیں، 18ویں آئینی ترمیم میں صوبائی خود مختاری کو ختم کرکے ملک میں ون یونٹ قائم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، خیبرپی کے ، بلوچستان، سندھ کے عوام کے تحفظات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ ولی باغ چارسدہ میں مختلف وفود سے بات چیت کرتے انہوں نے کہا کہ اداروں میں گورنر فیکٹر بڑھانا ملک کی کمزوری کا باعث بنے گا۔ اٹھارویں ترمم کے بعد صوبے کے ایگزیکٹو اختیارات گورنر کو دینا خطرناک اقدام ہے جس سے صوبوں کی وحدانیت پر حرف آ سکتا ہے۔ حکومت چلانا کٹھ پتلیوں کا کام نہیں ، غیر سنجیدہ وزیرِاعظم سے ملک نہیں سنبھالا جارہا۔ سیاسی سوچ نہ رکھنے والے ملک کیسے چلا سکتے ہیں دوسری طرف سسٹم توڑنے کیلئے بھی کچھ قوتیں سرگرم ہیں۔ خیبر پی کے کو اس کے جائز حق سے محروم رکھا گیا۔ سندھ کے فنڈز روک کر وفاق کی کمر مضبوط کرنے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے ۔ حکمرانوں اور مقتدر قوتوں کو یہ بات ذہن نشین کر لینی چاہئے کہ صوبوں کو کمزور کرنے سے نہ صرف وفاق کمزور ہو گا بلکہ قومی یکجہتی اور اتحاد پارہ پارہ ہو جائے گا۔ اے این پی کے دور حکومت میں آئین کو اس کی اصل شکل میں بحال کیا گیا، تاہم کچھ لوگ 18ویں ترمیم کے ذریعے 1973 کے آئین کو ختم کرنا چاہتے ہیں جس کی بھرپور مخالفت کی جائے گی۔

مزیدخبریں