لاہور (این این آئی) ایچی سن کالج کے سینئر استاد میجر جیفری ڈگلس کی آخری رسومات کی ادائیگی کے بعد لاہور کے گورا قبرستان میں تدفین کردی گئی۔میجر جیفری ڈگلس دو جنوری کو 101 سال کی عمر میں انتقال کرگئے تھے، آخری رسومات میں قائمقام گورنر پنجاب چوہدری پرویز الٰہی، وزیر دفاع پرویز خٹک ،کور کمانڈر ،سیاسی شخصیات اور اراکین اسمبلی سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ وہ 21اکتوبر 1917ء کو انگلینڈ کی ریاست یارکشائر میں پیدا ہوئے اور ابتدائی تعلیم کے بعد مقامی اسکول کریڈون میں بطور معلم فرائض انجام دینے لگے۔بعد ازاں انہوں نے 1939ء میں برطانوی آرمی میں شمولیت اختیار کی اور 1944ء میں انڈین آرمی کیلئے رضاکارانہ خدمات پیش کیں۔ قیام پاکستان کے بعد انہیں پاکستان آرمی میں شمولیت کی پیشکش ہوئی جسے انہوں نے اپنی مرضی سے قبول کیا۔ جب فوج سے ریٹائر ہوئے تب وہ میجر کے عہدے پر فائز تھے، اس وقت کے صدر ایوب خان کی جانب سے انہیں پاکستان میں مستقل سکونت اختیار کرنے کی اجازت ملی اور 1954ء میں ایچی سن کالج میں ملازمت مل گئی۔1979ء میں انہیں ایچی سن کالج سے شمالی وزیرستان میں قائم رزمک کیڈٹ کالج میں بطور پرنسپل مقرر کردیا گیا، جہاں انہوں نے 10برس یعنی 1989ء تک فرائض انجام دیئے۔
میجر جیفری ڈگلس کو لاہور کے گورا قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا
Jan 08, 2019