اسلام آباد( خصوصی نمائندہ ) الیکشن کمیشن نے انتخابی مہم کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر عائد کیا جانے والا جرمانہ معاف کرنے کی چوہدری پرویز الہی اور چوہدری حسین الہی کی استدعا مسترد کر دی ۔پیر کو الیکشن کمیشن میں انتخا بی مہم کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کئے جا نے سے متعلق کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے کی ، سماعت کے دوران چوہدری پرویز الہی کی طرف سے ان کے وکیل پیش ہوئے اور موقف اپنایا کہ نہ میں نے پینا فلیکس لگایایہ میرا قصور ہے ،ڈپٹی کمشنر گجرات نے مجھ پر 5ہزار جرمانہ کیا ، چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ حمید اللہ بھٹی کون ہے ؟ وکیل نے جواب دیا ہمارا اس سے کوئی تعلق نہیں ، جرمانہ مجھے کیا گیا ہے لیکن میں پیش نہیں ہوا ،چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ کی جگہ حمید اللہ بھٹی پیش ہوا تو آپ نے اس کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی ؟ ممبر سند ھ عبدالغفار سومرو نے کہا کہ آپ نے 5ہزار روپے جمع کرائے ہیں ؟ جس پر وکیل نے نفی میں جواب دیا ، چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ آپ کو اس سے پہلے بھی دو مرتبہ وارننگ دی گئی ، نہ آپ کو وارننگ کا علم ہے نہ حمیداللہ بھٹی کا علم ہے یہ تو بہت سادگی والی بات ہے، سماعت کے دوران چوہدری حسین الہی پر عائدکئے گئے جرمانوں کے معاملے پر بھی ان کے وکیل نے دلائل دیئے ، تاہم الیکشن کمیشن نے درخواست گزاروں کی استدعا مسترد کر دی ۔