عمران کے استاد جیفری ڈگلس کی آخری رسومات ادا

لاہور (نیوز رپورٹر) ایچی سن کالج کے سینئر استاد میجر جیفری ڈگلس کی ایچی سن کالج میں آخری رسومات کی ادائیگی کے بعد لاہور کے گورا قبرستان میں تدفین کردی گئی۔ میجر جیفری ڈگلس دو جنوری کو 101 سال کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔ آخری رسومات میں قائم مقام گورنر پنجاب پرویز الہی، وزیر دفاع پرویز خٹک، کور کمانڈر لاہور سمیت سیاسی شخصیات اور ارکان اسمبلی نے شرکت کی۔ وزیراعظم عمران خان سمیت کئی اہم سیاسی شخصیات نے میجر جیفری ڈگلس سے تعلیم حاصل کی اور انہیں ستارہ امتیاز، ہلال امتیاز سمیت آرڈر آف سینٹ مائیکل اینڈ سینٹ جارج اور آرڈر آف برٹش ایمپائر جیسے اعزازات سے نوازا گیا۔ قائم مقام گورنر پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ازبک اور چترال میں تعلیم کے فروغ کے لیے انہوں نے گراں قدر خدمات سرانجام دیں، ریٹائرمنٹ کے بعد بھی وہ فروغ تعلیم کے لیے اسی شعبہ سے منسلک رہے۔ ایچی سن کالج کو تعلیم کے میدان میں اعلیٰ مقام دلوانے میں ان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ میجر جیفری پاکستان کی کئی معروف شخصیات سمیت کئی نسلوں کے استاد تھے۔ 75سالہ تعلیمی خدمات ہمیشہ یادرکھی جائیں گی، ان کی وفات سے پاکستان عظیم تعلیم دوست سے محروم ہو گیا۔

ای پیپر دی نیشن