کراچی (سٹی ڈیسک)محنت کش طبقہ کی جانب سے منعقد کی گئی شہید ذوالفقار علی بھٹو کی91ویں سالگرہ کے موقع پر کیک کٹنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز لیبر بیورو (آرگنائزنگ کمیٹی سندھ)کے کنوینر سینئر مزدور رہنما حبیب الدین جنیدی نے کہا کہ تاریخ انسانی صدیوں میں کسی ایک ایسی شخصیت کو جنم دیتی ہے کہ جو اپنی سوچ،فکراور انقلابی قیادت سے تاریخ کے دھارے کا رُخ موڑ دیتے ہیں اور شہید ذوالفقار علی بھٹو کا شمار انہی قائدین میں ہوتا ہے۔تقریب سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی پیپلز یونیٹی (سی بی اے) کے زیر اہتمام گلشن اقبال میں منعقد کی گئی ۔ تقریب سے پیپلز یونیٹی کے چیئرمین حسین ابراہیم کاکا،سرپرستِ اعلیٰ سردار خان،صدر اختر حسین ،ملک اظہر ،جاوید رشید،قاسم وٹو،غفران،محمد سلیم اور فیاض پٹھان نے بھی خطاب کیا ۔حبیب الدین جنیدی نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اپنی سیاسی جدوجہد اور مختصر دورِ حکومت میں بڑے بڑے کارنامے انجام دیئے جن کے گہرے نقوش کروڑوں پاکستانیوں کے اذہان پر کئی نسلوں تک مرتب رہیں گے لیکن اُن کا سب سے بڑا کارنامہ پاکستان کے مزدوروں ،کسانوں، کُچلے اور پسِے ہوئے طبقات میں انقلابی شعور بیدار کرنا تھاجس نے پاکستانی سیاست کامرکز میروں، پیروں،وڈیروں،جاگیر داروں، صنعتکاروں اور طاقتور طبقات کے ڈرائینگ روم سے نکال کر غریبوں کے جھونپڑوں اور ٹوٹے پھوٹے گھروں میں منتقل کردیا اور ا س طرح پاکستان میں سیاست جو کہ اُمراء کے محلات کی لونڈی تھی اُسے آزاد کروایا ۔انہوں نے کہا کہ عوامی سیاست اور جمہوریت کے دشمنوں نے اسی پاداش میں شہید کو تختہ دار پر چڑھایا کہ اسطرح وہ سمجھتے تھے کہ اُن کی آواز کو ہمیشہ کے لئے خاموش کردیں گے لیکن تاریخ نے اس کے برعکس فیصلہ دیا اور شہید ذوالفقار علی بھٹو سینکڑوں سال کے لئے امر ہو گئے ہیں۔