پیوٹن کا اچانک دورہ شام ، بشارالاسد سے مشرق وسطیٰ صورتحال پر بات چیت

Jan 08, 2020

دمشق (آئی این پی) روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے مشرقی وسطی کے ملک شام میں اپنے خلاف توقع دورے پر اپنے ہم منصب بشارالاسد سے ملاقات کی۔ خبررساں ادارے رائٹرز، اے ایف پی اور اے پی کے مطابق شام کے سرکاری میڈیا اور روس کے انٹرفیکس نشریاتی ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ دونوں ممالک کے صدور کے مابین ملاقات دمشق میں ہوئی۔ روسی صدر کا دورہ شام خلاف توقع تصور کیا جارہا ہے۔ خبررساں اداروں نے روس کے ترجمان دمتری پیسکوف کے حوالے سے بتایا کہ بشارالاسد کے ساتھ اپنی گفتگو میں روسی صدر نے کہا کہ اب ہم اعتماد کے ساتھ یہ کہہ سکتے ہیں کہ شام میں ریاست اور ملک کی علاقائی سالمیت کی بحالی کی طرف ایک بہت بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ روسی ترجمان نے بتایا کہ ولادیمیر پوٹن نے دمشق میں روسی عسکری پوسٹ کا دورہ کیا اور وہاں صدر بشارالاسد سے ملاقات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں رہنمائوں کو شام کے مختلف علاقوں کی صورتحال سے متعلق عسکری رپورٹس پیش کی گئیں۔ ادھر شام کی خبر رساں ایجنسی ثنا نے روسی صدر کے دورے کے بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کی اور صرف اتنا کہا کہ ولادیمیر پوٹن نے دارالحکومت میں روسی فوجی اڈے میں بشارالاسد سے ملاقات کی۔ روس کے صدر پیوٹن شام پہنچے۔ امریکی میڈیا کے مطابق صدر پیوٹن نے صدر بشار الاسد سے ملاقات کی۔ جس میں دوطرفہ تعلقات‘ مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ صدرپ یوٹن نے دمشق میں روسی کمانڈ پوسٹ کا بھی دورہ کیا۔ پیوٹن اور بشار الاسد کو شام کے مختلف علاقوں کی ملٹری صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔

مزیدخبریں