لاہور(سپورٹس رپورٹر)ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمرا اطہرعلی خان نے کہا ہے کہ پاکستانی موسیقی کا شعبہ ایسی بہت سی عظیم گلوکاروموسیقار ہستیوں سے بھرا ہوا ہے جنہوں نے اپنی زندگی بھرکی ریاضتوں،فن اور صلاحیتوں سے موسیقی کو فروغ بخشا،اپنے فن کے ذریعے معاشرے میں پیار و محبت عام کیا، بین الاقومی سطح پر وطن عزیز کا نام روشن کیا، ان میں استاد بڑے غلام علی خان، استاد سلامت علی خان، استاد امانت علی خان،روشن آراء بیگم، مہدی حسن خان، ملکہ پکھراج، عابدہ پروین، علن فقیر، عالم لوہار، میڈم نورجہاں، زاہدہ پروین، اقبال بانو، نصرت فتح علی خان، پٹھانے خان، ریشماں، اللہ رکھا اور استاد فتح علی خان ودیگر شامل ہیں۔ ان عظیم گلوکاروں، موسیقاروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ان کی تصاویر کو الحمراء اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس جیسے تاریخی ادارے کے کلاس رومز میں آویزاں کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موسیقی کے شعبے میں یہ گلوکار انتہائی ممتاز اور نمائندہ حیثیت رکھتے ہیں، الحمراء کے اس اقدام سے اکیڈمی کے طلبہ وطالبات کو اپنے لیجنڈ سے واقفیت حاصل ہوگئی انکا جامع تعارف میسر آئیگا۔ گلوکاروں نے عالمی سطح پر موسیقی کو نئی جہتوں سے ہم کنار کیا، ان کے گائے لوک گیت، صوفیانہ کلام، کلاسیکل، ٹھمری، غزل و دیگر تمام اصناف کی موسیقی دنیا میں اپنا منفرد مقام رکھتی ہے، ان ہستیوں نے ملک وملت کا نام روشن کیا۔ موسیقی کے حلقوں میں الحمراء کے اس اقدام کو احسن قرار دیا جا رہا ہے، الحمراء اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس کے اساتذہ اور طلبہ و طالبات نے الحمراء کی اس خوبصورت کاوش کا خیر مقدم کیا ہے ۔
عظیم گلوکاروں، موسیقاروں کو خراج عقیدت ‘الحمرا میں تصاویر آویزاں
Jan 08, 2020