لاہور ( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2020کی تیاریوں کے سلسلے میں سہ فریقی قومی ویمنزٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کا آغاز کل سے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ہوگا۔ چیمپئن شپ آٹھ روز تک جاری رہیگی۔ سہ فریقی ایونٹ میں پی سی بی بلاسٹرز، پی سی بی ڈائنامائٹس اور پی سی بی چیلنجرز کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔افائنل 16 جنوری کو برقی قمقموں کی روشنی میں کھیلا جائے گا۔چیف سلیکٹر عروج ممتاز نے کہا کہ خواتین کرکٹ کے فروغ کی غرض سے ایونٹ کا فائنل پی سی بی کے یوٹیوب چینل پر لائیوسٹریم کیا جائیگا۔ سٹیڈیم میں داخلہ مفت ہوگا۔ فاتح ٹیم کو پانچ لاکھ اور رنرزاپ کو اڑھائی لاکھ ر وپے کی انعامی رقم دی جائیگی۔پلیئر آف چیمپئن شپ کو پچیس ہزار جبکہ ہر میچ میں پلیئر آف دی میچ کو دس ہزار روپے کی انعامی رقم دی جائیگی۔ چیئر آف نیشنل ویمنز سلیکشن کمیٹی عروج ممتاز کا کہناہے کہ ایونٹ کا انعقاد آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کی تیاریوں میں مدد گار ثابت ہوگا۔ایونٹ میں شریک خواتین کرکٹرز اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرکے قومی ٹیم میں جگہ بنا سکتی ہیں۔ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2020ء میں پاکستان کو دو میچز فلڈ لائٹس میں کھیلنے ہیں جس کے باعث قومی ویمنز ٹورنامنٹ کا فائنل بھی برقی قمقوں کی روشنی میں منعقد کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔فائنل لائیو سٹریم ہونے سے ملک میں خواتین کرکٹ کو فروغ ملے گا۔