لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی کھیل کو ترقی دینے کیلئے 2020ء کی سرگرمیوں کے سالانہ شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ شیڈول میں ڈومیسٹک سطح پر سینئر اور جونیئر ٹورنامنٹس کی تفصیل دی گئی ہے۔ قومی ٹیم کے علاوہ جونیئر ہاکی ٹیم کے انٹرنیشنل متوقع سیریز اور ٹورنامنٹس بھی دیئے گئے ہیں۔ انٹرنیشنل ہاکی شیڈول میں جونیئر خواتین ٹیم جونیئر ایشیا کپ کیلئے اپریل میں جاپان جائے گی۔ پی ایچ ایف کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم ٹریننگ کی غرض سے اپریل مئی میں غیر ملکی دورہ پر جائے گی۔ قومی ٹیم سلطان اذلان شاہ کپ کھیلنے11 تا 18 اپریل ملائیشیا جائیگی۔ قومی ہاکی ٹیم ٹریننگ ٹور پر جون جولائی میں یورپ کے دورہ پر جائیگی۔ قومی جونیئر ٹیم ایشیا کپ کھیلنے جون میں بنگلہ دیش جائیگی۔ قومی ہاکی ٹیم ایشین چیمپئنز ٹرافی کھیلنے نومبر میں بنگلہ دیش جائیگی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ڈومیسٹک ایونٹس میں پاکستان ہاکی سپر لیگ اکتوبر میں کرانے کا اعلان کیا ہے۔ شیڈول کے مطابق مرد وخواتین کی قومی چیمپیئن شپ بھی کرائی جائیگی جبکہ انٹر سکول اور انٹر کلب ہاکی ٹورنامنٹ بھی کرائے جائیں گے۔