لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ میڈیامیں نسیم شاہ کے حوالے سے آنے والی خبروں کی تردید کرتا ہے جس میں یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی ہے کہ فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کانام آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کیلئے پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم سے زائد العمر ہونے کی وجہ سے واپس لیا گیا ہے۔بورڈ نے معمول کے مطابق پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کی عمر کی تصدیق کی اور یہ عمل 6 دسمبر کو پاکستان انڈر 19 ٹیم کے انتخاب سے قبل نومبر میں مکمل کر لیا گیا تھا۔ نسیم شاہ کا نام ورلڈکپ کیلئے منتخب کردہ قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے اس ابتدائی سکواڈ میں شامل تھا۔ جو آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ عمر کی اہلیت پر پورا اترتے ہیں۔ اس ایونٹ کے لئے کھلاڑیوں کی عمر کی ا ہلیت یکم ستمبر 2000 مقرر کی گئی تھی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ 31 دسمبر کو اپنے اعلامیئے میں وضاحت کرچکا ہے کہ آئی سی سی انڈر 19کرکٹ ورلڈ کپ سے نسیم شاہ کا نام پاکستان سینئر کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ کی درخواست پر واپس لیا گیا ہے اور اس کی وجہ صرف" کرکٹ" ہے۔ پی سی بی اس بات پر مایوسی کا اظہار کرتا ہے کہ نوجوان کرکٹر، کی ساکھ کو مجروح کرنے کی کوشش کی گئی ہے، جس کا مستقبل روشن ہے۔