لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) قومی انڈر 19 ٹیم کے کپتان روحیل نذیر نے ورلڈکپ ٹرافی اٹھانے کے عزم کا اظہار کردیا۔جنوبی افریقا کے اے بی ڈی ویلیئرز کی طرح نام کمانے کے خواہشمند انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کپتان روحیل نذیر نے ورلڈکپ ٹرافی اٹھانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکواڈ میں ایسے کھلاڑی ہیں جو اس سے قبل بھی پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ جنوبی افریقہ کی کنڈیشنز میں بہترین کھیل پیش کرکے ملک کا نام روشن کرنے کی کوشش کریں گے۔ روحیل نذیر کا کہناہے عماد وسیم نہ صرف انہیں اہم ٹپس دیتے ہیں بلکہ عمدہ کارکردگی دکھانے پر ہمیشہ حوصلہ افزائی بھی کرتے ہیں۔ احمد شہزاد کو کھیلتے دیکھ کر بہت اچھا لگتا ہے۔ وکٹ کیپر بیٹسمین اے سی سی یوتھ انڈر 19 ایشیا کپ 2017 اور 2018، آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ2018 اور اے سی سی ایمرجنگ کپ2019 میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ روحیل نذیر نے گزشتہ ماہ اے سی سی ایمرجنگ ایشیا کپ 2019 کے فائنل میں شاندار سنچری سکور کرکے جیت میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔اسلام آباد سے تعلق رہنے والے وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیر آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 میں قومی سکواڈ کی قیادت کریں گے۔ ٹیپ بال سے کرکٹ کا آغاز کرنیوالے روحیل نذیر کو 2017 میں آسٹریلیا کیخلاف قومی انڈر 16 کرکٹ ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔ متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی سیریز میں بھی وکٹ کیپر بیٹسمین نے شاندار کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھا تھا۔2018 میں فرسٹ کلاس ڈیبیو کرنیوالے نوجوان وکٹ کیپربیٹسمین نے رواں سیزن میں قائداعظم ٹرافی کے فائنل سمیت 6 میچوں میں 320 رنز سکور کیے۔ وکٹ کیپر بیٹسمین ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کریں گے۔ وہ گذشتہ سال اسلام آباد یونائیٹڈ کے سکواڈ کا حصہ تھے۔