مصباح ‘وقار کا قومی انڈر19 کیمپ کا دورہ‘ورلڈ کپ جیتنے کیلئے مشورے

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقار یونس نے پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کیمپ کا دورہ کیا اور نوجوان کھلاڑیوں کو مفید مشورے دیے۔جنوبی افریقہ میں ہونیوالے انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ کی تیاری کے لیے پاکستان ٹیم کا ٹریننگ کیمپ لاہور میں جاری ہے، لیکن بارش کے باعث کھلاڑی نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے انڈور سکول میں ٹریننگ کر رہے ہیں۔پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقار یونس نے بھی جونیئر ٹیم کے کیمپ کا دورہ کیا اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔ سابق کرکٹرز نے نوجوان کھلاڑیوں کو اہم مشورے بھی دیئے۔ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا کہ اپنی شناخت بنانے کیلئے انڈر19 ایک اچھا پلیٹ فارم ہے۔غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کر کے انڈر19 کھلاڑی قومی ٹیم میں جگہ بنا سکتے ہیں۔ بائولنگ کوچ وقار یونس نے فاسٹ بائولرز کیساتھ خصوصی طور پر کام کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑی باصلاحیت ہیں اور ورلڈ کپ جیت سکتے ہیں۔بولنگ کوچ نے ٹیم کو کھیل پر فوکس کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ فاسٹ بولرز کو جنوبی افریقہ کی پچز سے بڑی مدد ملتی ہے۔آئی سی سی انڈر19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 کی تیاریوں کیلئے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ یکم جنوری سے این سی اے میں جاری ہے۔9 روزہ تربیتی کیمپ میں شرکت کے بعد قومی سکواڈ 10 جنوری کو جنوبی افریقہ روانہ ہوگا، جہاں میگا ایونٹ کا آغاز 17 جنوری سے ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن