پی ایس ایل کے ہر میچ میں قذافی سٹیڈیم بھر ا ہونا چاہئے : عاطف رانا

لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عاطف رانا کا کہنا ہے کہ شائقین کرکٹ کو پی ایس ایل کے ساتھ جوڑنے اور ان کی دلچسپی کو بڑھانے کے لیے لگ بھگ60 ایونٹس کا انعقاد کر رہے ہیں۔ اس سلسلہ میں ہم مختلف سکولز، کالجز اور یونیورسٹیز میں پروگرامز کا انعقاد کریں گے۔ میں ہوں قلندرز مہم شروع ہو چکی ہے۔ لاہوریوں کے جوش و جذبے کو بڑھانے کیلئے ہمارے پلیئرز مختلف مقامات پر جائیں گے۔ یہ ساری سرگرمیاں پی ایس ایل اس لیے ہیں کہ کرکٹ بورڈ کو گیٹ منی کی صورت میں زیادہ سے زیادہ آمدن ہو سکے چونکہ قذافی سٹیڈیم چودہ میچز کی میزبانی کر رہا ہے اور ہر میچ میں یہ سٹیڈیم بھرا نظر آنا چاہیے۔حارث رؤف پاکستان میں کرکٹ کھیلنے والے لاکھوں نوجوانوں کے لیے تحریک کا باعث بنیں گے۔ بگ بیش میں انکی کامیابی ہمارے لیے باعث اطمینان ہے۔ حارث رؤف کا آسٹریلیا میں جا کر کھیلنا اور بگ بیش کے لیے منتخب ہونا ہی لاہور قلندرز کے پلیئرز ڈیویلپمنٹ پروگرام کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پی ڈی پی سے مختصر وقت میں خالصتاً ایک باصلاحیت نوجوان کا دنیا کی سب سے مشکل کنڈیشنز میں کامیابی حاصل کرنا یہ ظاہر کرتا ہے کہ ملک میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے۔ مسئلہ ٹیلنٹ تلاش کرنے، اسے نکھارنے، سہولیات فراہم کرنے اور بروقت مناسب مواقع فراہم کرنے کا ہے۔ حارث رؤف کا سامنے آنا عاقب جاوید کی محنت سے ممکن ہوئی ہے۔ ہم نے سسٹم سے باہر رہتے ہوئے اپنے وسائل کو استعمال کرتے ہوئے ملکی کرکٹ کو ایک جانبدار اور تیزی سے وکٹیں لینے والا ایک گیند باز دیا ہے حارث رؤف لاہور قلندرز کی طرف سے پاکستان کرکٹ کو تحفہ ہے۔ اسی مقصد کے تحت ہم نے لاہور میں ہائی پرفارمنس سنٹر قائم کیا ہے۔اب لیگ کے مقابلے پاکستان میں ہو رہے ہیں تو ہمیں کام کرنے کا زیادہ موقع ملے گا۔ پی ایس ایل کا پانچواں ایڈیشن کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کرے گا۔ دو ہزار سولہ سے اب تک شائقین کرکٹ اس وقت کا انتظار کر رہے تھے۔ دو ہزار بیس اس حوالے سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا جب دنیا کے بہترین کرکٹر پاکستان کے مختلف سٹیڈیمز میں کھیلتے ہوئے نظر آئیں گے۔ یہ تاریخی لمحات ہیں ہم سارا سال اسی جذبے کے ساتھ میدان میں رہتے ہوئے مختلف سرگرمیوں میں مصروف رہتے ہیں کہ پاکستان کے نوجوان کرکٹرز کو صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کر سکیں۔شائقین ہماری ٹیم سے بہت محبت کرتے ہیں۔ ہمارا پرستاروں سے تعلق بہت مضبوط ہے یہی وجہ ہے کہ ماضی میں خراب نتائج کی وجہ سے بہت تنقید بھی ہوئی ہے۔ خواہش ہے کہ اس مرتبہ بہتر نتائج دیتے ہوئے شائقین کی توقعات پر پورا اتریں۔

ای پیپر دی نیشن