ہمارا اصل مسئلہ امریکہ ‘ بھارت نہیں ملک کا بگڑا نظام ہے: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ بھارت یا امریکہ نہیں ، ہمار اصل مسئلہ ملک کا بگڑا ہوا نظام ہے۔ قوم متحد ہو تو دنیا کی کوئی طاقت ہمیں مغلوب نہیں کر سکتی۔ طاقتور اسٹیبلشمنٹ جس کو چاہتی ہے حکومت میں لاتی ہے اور جس کو چاہے اقتدار سے نکال دیتی ہے۔ دبائو میں آ کر آج اکٹھے ہونے والے کل پھر آپس میں دست و گریبان ہوں گے۔ کرپٹ اور نااہل سیاستدان اسٹیبلشمنٹ کو مداخلت کا موقع دیتے ہیں۔ پارٹیاں ملک و قوم کی نہیں ذاتی مفادات کی جنگ لڑتی ہیں۔ سیاسی پارٹیاں خاندانی پراپرٹی بن چکی ہیں۔ جماعت اسلامی ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کی جدوجہد کر رہی ہے اگر آئین و قانون پر عملدرآمد ہو اور تمام ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں تو پاکستان ترقی و خوشحالی کے راستے پر گامزن ہو سکتا ہے۔ قوم کو علاقائی، لسانی اور مسلکی تعصبات سے نکل کر ملک میں نظام مصطفیؐکے نفاذ پر متحد ہونا ہوگا۔ قرآن و سنت کا نظام ہی ہمارے تمام مسائل کا حل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خضدار میں پریس میں میٹ دی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی بلوچستا ن کے امیر مولانا عبدالحق ہاشمی، سابق رکن صوبائی اسمبلی میر یونس عزیر زہری، صدر پریس کلب عبداللہ شاہوانی اور مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما بھی موجود تھے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ملک کا پورا نظام آئین و قانون کی بجائے افراد کے گرد گھوم رہا ہے اس لیے معاشرے کی بجائے افراد ترقی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اسٹیٹ بنک کی رپورٹ چشم کشا ہے جس کے مطابق آنے والے سالوں میں ملکی معیشت مزید زبوں حالی کا شکار ہوگی ۔ غربت اور مہنگائی بڑھے گی اور عوام کی مشکلات اور پریشانیوں میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ملک پر مسلط ظلم و جبر کے اس نظام کے بارے میں وزیراعظم اور چیف جسٹس بھی پریشانی کا اظہا ر کرتے ہیں مگر اس کو بدلنے کے لیے کوئی تیار نہیں۔ آمریت ہو یا نام نہاد جمہوریت، سب ظلم کے اس نظام کے سامنے بے بس نظر آتی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن