راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) تھانہ کینٹ کے علاقے مری روڈ صدر میں ناکے پر محافظ سکواڈ پردہشت گرد حملے میں نامعلوم شخص نے اندھا دھندفائرنگ کردی جس سے محافظ سکواڈ کے دو پولیس اہلکار شہیدہوگئے۔ فائرنگ کی آواز سن کر ڈولفن فورس پہنچی تو ملزم نے ان پر بھی فائرنگ کردی جس سے ڈولفن اہلکار حسن اکرم اور ایک راہگیر خاتون زخمی ہوگئے۔ ڈولفن فورس کی فائرنگ سے حملہ آور بھی مارا گیا۔ ریجنل پولیس افسر سہیل حبیب تاجک نے کہا کہ مارا جانے والا انتہائی تربیت یافتہ اور خطرناک اسلحہ سے لیس تھا جس کا ہدف میٹرو سٹیشن بتایا جاتا ہے۔ مارا جانے والے دہشت گرد تھا جس نے پولیس پر حملہ کیا ملزم کے ساتھ مزید لوگ بھی ہوسکتے ہیں ملزم کے جسم کے ساتھ اور بھی اسلحہ تھا دہشت گرد جس نے پولیس کو فائرنگ سے نشانہ بنایا اس میں تھانہ کینٹ کو کانسٹیبل سعید اور ہیڈ کانسٹیبل محمد علی شہید ہوگئے ہیں جبکہ ڈولفن فورس کا اہلکار حسن اکرم فائرنگ میں زخمی ہوگیا ہے جسے طبی امداد کیلئے بینظیر بھٹو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد شہر میں سیکیورٹی بڑھا دی گئی جائے۔ وقوعہ صدر کینٹ سے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال تک پولیس نفری تعینات کردی گئی۔ ناکے پر دہشت گرد حملہ شام چھ بجکر 45 منٹ پر ہوا۔ پولیس نے مبینہ دہشت گرد کے ساتھ مزید افراد ہونے کے خدشے کے پیش نظر مشکوک افراد کی چیکنگ تیز کر دی۔ سی پی او راولپنڈی نے کہا ہے کہ راولپنڈی پولیس فرض کی ادائیگی میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق پولیس ناکے پر فائرنگ کرنے والے کی شناخت کر لی گئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق مبینہ دہشتگرد آفتاب سیالکوٹ کا رہائشی تھا۔
راولپنڈی: ناکے پر فائرنگ 2 پولیس اہلکار شہید‘ جوابی کارروائی میں دہشتگرد ہلاک
Jan 08, 2020