بند شوگر ملز پرسوں تک چلانے کا حکم، کاشتکاروں کا استحصال نہیں ہونے دینگے: عثمان بزدار

Jan 08, 2020

لاہور(نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا 23 واںاجلاس ہوا۔ سیکرٹری خوراک نے کابینہ کو گنے کے کرشنگ سیزن کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ گنے کے کاشتکاروں کا کسی صورت استحصال نہیں ہونے دیں گے۔ کاشتکاروں کو ان کی محنت کا پورا معاوضہ دلایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ 10 جنوری تک بند شوگر ملیں ہر صورت چلائی جائیںاورمحکمہ خوراک اور محکمہ زراعت صورتحال پر کڑی نظر رکھیں۔ وزیراعلیٰ نے مستقبل میں گنے کی صورتحال کی مانیٹرنگ کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے اس ضمن میں قانون سازی کا عمل بھی جلد مکمل کیا جائے اور کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو قانون سازی کے کام کو جلد نمٹائے۔ اجلاس میں وومن ہاسٹل اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا اور کابینہ نے ویمن ہوسٹل اتھارٹی کے قیام بینک آف پنجاب کے صدر کیلئے عاطف باجوہ کے تقرر کی منظوری دے دی۔پنجاب میں تشکیل دینے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیموں (JITs) کی ایکس پوسٹ فیکٹو منظوری دینے کا فیصلہ کیا گیا اورکابینہ سب کمیٹی برائے امن وامان کو مشترکہ تحقیقاتی ٹیموں کی ایکس پوسٹ فیکٹو منظوری کیلئے اختیار دے دیا گیا۔پنجاب کے کالجوںمیں ای روز گار سنٹرز کے قیام کا فیصلہ کیا گیا اور کابینہ نے کالجو ںمیں ای روزگار سنٹرز کے قیام کے فیصلے کی منظوری دی۔ پنجاب کے انڈسٹریل اسٹیٹس اور سپیشل اکنامک زونز میں سیل ڈیڈکیلئے سپر سٹرکچر ٹیکس ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور کابینہ نے سپر سٹرکچر ٹیکس سے استثنیٰ کی منظوری دے دی۔ پنجاب کابینہ نے چلڈرن ہسپتال اور دی انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ ملتان کیلئے بورڈ آف مینجمنٹ کے قیام کی منظوری دی جبکہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی سربراہی میں قائم کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں مختلف پوسٹوں کو اپ گریڈکرنے کا ایجنڈا موخر کر دیا گیا۔بھورے اور کالے تیتر پالنے کیلئے لائسنس فیس میں اضافے کا فیصلہ کیا اور کابینہ نے لائسنس فیس میں اضافے کے فیصلے کی منظوری دے دی۔کابینہ کے اجلاس میں پنجاب اڑیال کنزرویشن، پروٹیکشن اینڈ ٹرافی ہنٹنگ (کمیٹیز) رولز 2016 میں ترامیم اور بھورے ریچھ کو پنجاب وائلڈ لائف (پروٹیکشن ، پرویزیشن، کنزرویشن اینڈ مینجمنٹ)ترمیمی ایکٹ 2007 میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔پنجاب پروٹیکشن آف ویمن اگینسٹ وائلنس ایکٹ 2016 کے سیکشن 2 (1) (a) (h) (j) میں ترامیم کی منظوری دی گئی جبکہ محکمہ ماحولیات کی جانب سے کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے اضلاع میں اختیارات ڈپٹی کمشنرز کو دینے کا فیصلہ کیا گیا۔پنجاب لوکل گورنمنٹ سروس (اپوائنٹمنٹ اینڈ کنڈیشنز آف سروس) رولز 2018 میں ترامیم کا فیصلہ کیا گیا۔ پاکستان پٹرولیم ایکسپوریشن اینڈ پروڈکشن ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کے بارے میںسمری کے مسودے اوراوگرا آرڈیننس 2002 میںترامیم کی منظوری دی گئی۔ پنجاب کابینہ کا 23واں اجلاس تقریباً اڑھائی گھنٹے جاری رہا۔ یہ اجلاس بھی سادگی اور کفایت شعاری کا نمونہ تھا۔ اجلاس کے شرکاء کو صرف چائے اور بسکٹ پیش کئے گئے۔ علاوہ ازیں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور وزیر اعلی عثمان بزدار میں ملاقات ہوئی۔صوبے کی ترقی و خوشحالی اور عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے وزیر اعظم عمران خان کے ویڑن کے مطابق ملکر کام جاری رکھنے پر اتفاق جبکہ گورنر چوہدری محمد سرور سے صوبائی وزراء نے بھی ملاقات کی۔ گورنر ہاؤس لاہور میں گورنر چوہدری محمد سرور اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ملاقات کے دوران سیاسی اور حکومتی امور سمیت دیگر ایشوز کے بارے میں بات چیت کی گئی جبکہ صوبائی وزراء سید صمصام حسین بخاری، فیاض الحسن چوہان، حافظ ممتاز احمد، ڈاکٹر اختر ملک اور میاں محمود الرشید نے بھی چوہدری محمد سرور سے ملاقات کی۔ چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ ملکی مفاد اور قومی سلامتی کے تحفظ کیلئے تمام سیاسی جماعتیں متحد ہیں۔ پوری قوم افواج پاکستان کیساتھ کھڑی ہے اور ملک دشمنوں کو واضح پیغام ہے اگر وہ پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے دیکھیں گے تو انکومنہ توڑ جواب ہی دیا جائیگا۔ دہشت گردی کے خلاف اور امن کے قیام کے لیے افواج پاکستان نے جو قر بانیاں دی ہیں دنیا میں انکی کوئی اور مثال نہیں ملتی اگر بھارت نے کسی قسم کی جار حیت کر نے کی کوشش تو اس کو ماضی کی طر ح آئندہ بھی پاکستان سے بھر پور جواب دیا جائیگا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں تحر یک انصاف کی حکومت دونہیں ایک پاکستان بنانے کی پالیسی پر گامزن ہے وفاقی اور پنجاب حکومت نے صحت،تعلیم اور زراعت سمیت دیگر شعبوں کیلئے جو انقلابی اقدامات کیے ہیں انکی وجہ سے ہر شعبے میں عوام کو بھر پور ریلیف مل رہا ہے۔عثمان بزدار نے میانوالی کے نزدیک پاکستان ایئر فورس کے تربیتی طیارے کے حادثے، معروف قانون دان فخرالدین جی ابراہیم، کالم نگار وشاعر ناصر بشیر کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ عثمان بزدار نے برٹش جونیئر اوپن انڈر 15 سکواش چیمپئن شپ جیتنے پر حمزہ خان کو مبارکباد دی ہے۔ عثمان بزدار کی ہدایت پر بارڈر ملٹری پولیس نے ڈیرہ غازی خان کے علاقہ کشوبہ میں کارروائی کرتے ہوئے اغوا شدہ بچی امیراں کو بازیاب کروا کر عدالت میں پیش کردیا ہے۔

مزیدخبریں