لاہور، بچیانہ، کوہاٹ (نمائندہ خصوصی، نمائندہ نوائے وقت، صباح نیوز) یوحنا آباد کے علاقہ میں مکان کی چھت گرنے سے ماں اور 2بچے ہلاک ہوگئے۔ بچیانہ اور کوہاٹ میں چھتیں گرنے کے واقعات میں خاتون سمیت 2 افراد چل بسے۔ تفصیلات کے مطابق یوحنا آباد کے علاقہ خالد نگر میں مکان کی چھت گرنے کے باعث 26سالہ آمنہ 9سالہ رمشا اور 7سالہ آکاش ملبے تلے دب گئے۔ اطلاع پر ریسکیو ٹیموں نے تینوں زخمیوں کو ملبے سے نکال کر لاہور جنرل ہسپتال منتقل کردیا۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق تینوں زخمی جانبر نہ ہوسکے۔ وزیر اعلی سردار عثمان بزدارنے گھر کی چھت گرنے سے خاتون اور دو بچوں کی ہلاکتوں پر دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار تعزیت کیا۔ وزیر اعلی عثمان نے افسوسناک واقعہ کے بارے میں انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ بچیانہ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق نواحی گائوں چک نمبر630گ ب آبادی جالب کے چک کا رہائشی 35 سالہ اسد نواز گھرمیں موجود مویشیوں کے کمرے میں ٹوکہ مشین چلا کر چارہ کتر رہا تھا کہ مشین تھرتھراہٹ کے باعث بارش سے بوسیدہ ہوئی کمزور چھت گر گئی جس کے ملبے تلے دب کر اسد نواز موقع پر ہی دم توڑ گیا۔صباح نیوزکے مطابق کوہاٹ کے علاقے گھمکول مہاجر کیمپ میں کچے مکان کی چھت گرنے کے نتیجے میں خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔