ملاوٹی مرچوں کی فروخت اور صفائی کے ناقص انتظامات پر03فوڈپوائنٹس سربمہر

Jan 08, 2020

راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے راولپنڈی ڈویژن میں کارروائیاں کرتے ہوئے ملاوٹی مرچوں کی فروخت اور صفائی کے ناقص انتظامات پر03فوڈپوائنٹس کو سربمہر کیا ۔ متعدد فوڈ پوائنٹس کوحفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر 83ہزار کے جرمانے عائد کیے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیم نے راولپنڈی میں کارروائی کرتے ہوئے سابقہ ہدایات پر عمل نہ کرنے،مکھیوں کی بہتات پر بسم اللہ بیف شاپ جبکہ قوانین کی مسلسل خلاف ورزیوں پر الباسط فلٹر کو سیل کر دیا ۔ اسی طرح جہلم کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے ملاوٹی مرچوں کی فروخت،غیر معیاری سٹوریج اور ملازمین کے میڈیکلزکی عدم دستیابی پر نفیس فوڈز کو سربمہر کیا ۔علاوہ ازیں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے چکوال میں کارروائیوں کے دوران سابقہ ہدایات پر عمل نہ کرنے،ناقص اشیاء کی موجودگی اور صفائی کے نامناسب انتظامات پر 55ہزار500کے جرمانے عائد کیے ۔
جہلم اور گردونواح میں پنجاب فوڈ اتھارٹی قوانین کی خلاف ورزیوں پر27ہزار500کے جرمانے عائد کیے گئے۔ڈویژن بھر میں چیکنگ کے دوران بڑی مقدار میں زائد المیعاد اشیائے خورونوش اور مضر صحت خوراک کوتلف کردیاگیا۔

مزیدخبریں