کراچی( اسپورٹس رپورٹر) محکمہ اسپورٹس سندھ کی انڈومنٹ کمیٹی کا اجلاس مختلف کھیلوں سے وابستہ73 کھلاڑیوں کے کیسز کا جائزہ لیا گیا جس میں سے کمیٹی نے 61 کیسز کی منظوری دے دی۔ انڈومنٹ کمیٹی کا اجلاس سیکرٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز سندھ سید امتیاز علی شاہ کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر اسپورٹس سندھ شہزاد پرویز بھٹی‘ سابق اولمپیئن اصلاحا لدین‘ کے سید امداد شاہ‘ کرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن کے پرویز چانڈیو‘ کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے حیدر علی گلفراز خان‘ سندھ باکسنگ ایسوسی ایشن کے اصغر بلوچ‘ فٹبال کے رحیم بخش بلوچ اور کمیٹی کے دیگر ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملھ‘ فٹبال‘ باکسنگ‘ ہاکی سمیت دیگر کھیلوں سے وابستہ بیمار‘ ضرورت مند اور وفات پا جانے والے کھلاڑیوں کے کیسز اور کوائف کا مکمل جائزہ لینے کے ساتھ کمیٹی کے ارکان نے آنے والے مستحق کھلاڑیوں سے تفصیلات لیکر73 میں سے 61 کیسز کو نمٹادیا اور مجموعی طور پر تینتیس لاکھ روپے سے زائد فنڈز جاری کرنے کی منظوری دے دی۔ اجلاس کے دوران سیکرٹری اسپورٹس سید امتیاز علی شاہ کا کہنا تھا کہ انڈومنٹ فنڈ مستحق کھلاڑیوں کی امانت ہے جو حقداروں میں بلاتفریق اور قانونی طریقے دینا ہی کمیٹی کی اصل ذمہ داری ہے انکا مزید کہنا تھا کہ حکومت کھلاڑیوں کی فلاح کے کئی اقدامات اٹھارہی ہے ملھ پہلوانوں کی رجسٹریشن بھی اس عمل کا حصہ ہے۔ امتیاز علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہر کھیل اور کھلاڑی کو اس کا جائز مقام ملے۔
انڈومنٹ کمیٹی کا اجلاس، کھلاڑیوں کے لئے 33 لاکھ روپے فنڈز کی منظوری
Jan 08, 2020