دوبہنوں کے قتل میں ملوث ملزم قانون سے نہیں بچ سکتے:اعجاز عالم

لاہور (خصوصی نامہ نگار )وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی اموراعجاز عالم آگسٹین کاہنہ ،لاہور میں گزشتہ روز اغواء کے بعد قتل ہونیوالی بہنوں کے گھر پہنچے اور والدین سے اظہار تعزیت کی۔تفصیل کے مطابق عابدہ اور ساجدہ نامی دو شادی شدہ بہنوںکو ایک ماہ قبل اغوا کیا گیا تھا اور گزشتہ روز دونوں کی نعشیں برآمد ہوئیں تھیں۔مقتولین کے والدین نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ ان کی بچیوں کے اغواء کے شبہ میں محلے دار نعیم پر شک کا پرچہ درج کروایا تھا جبکہ بچیوںکی نعشیں نالے سے برآمد ہوئیں ۔انہوں نے صوبائی وزیر سے اپیل کی کہ ان کے خاندان کو تحفظ اور ملزم کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے ۔پولیس حکام نے صوبائی وزیر کو دوران بریفنگ بتایا کہ ملزم نعیم کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ ابتدائی تفتیش میں ملزم کی طرف سے اعتراف جرم کرلیا گیا ہے تاہم مکمل تحقیقات کے بعد حقائق سامنے آسکیں گے کہ لڑکیوں کو کسطرح اغواء اور پھر قتل کیا گیا ۔صوبائی وزیر اعجاز عالم آگسٹین نے اہلیخانہ سے اظہار افسوس کرتے ہوئے انکو یقین دلایا کہ مقتولین کو مکمل انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔انہوں نے مقتولین کے اہلیخانہ کو یقین دلایا کہ ملزمان کتنے ہی با اثر کیوں نہ ہوں قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے اور تحریک انصاف کی حکومت میں انسانی حقوق بالخصوص مذہبی اقلیتوں کا تحفظ ہر حال میں یقینی بنایا جا رہا ہے جبکہ اس المناک واقعہ کا نوٹس پہلے ہی وزیراعلیٰ پنجا ب خود لے چکے ہیں ۔

ای پیپر دی نیشن