ملتان جیل میں قتل کا ملزم ٹک ٹاک ویڈیوز بناتا رہا،حکام لاعلم، فیاض چوہان کا نوٹس

Jan 08, 2021

لاہور+ ملتان (سپیشل رپورٹر+این این آئی ) ڈسٹرکٹ جیل انتظامیہ کی نااہلی ، قتل کے مقدمے کا قیدی جیل کے اندر موبائل فون استعمال کر کے ٹک ٹاک سٹار بن گیا ، ڈسٹرکٹ جیل کے اندر موبائل کا استعمال سختی سے منع ہونے کے باوجود ملزم ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے لگا۔ملتان ڈسٹرکٹ جیل میں قتل کے مقدمے کے قیدی کی ٹک ٹاک ویڈیو سامنے آگئی۔قتل کے مقدمے میں قید ملزم جیل کے اندرموبائل کی ممانعت کے باوجود ویڈیو بنا کر ٹک ٹاک پر اپ لوڈ کرتا رہا۔ادھر صوبائی وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے ڈسٹرکٹ جیل ملتان میں قتل کے مقدمے میں قید ملزم کی جانب سے موبائل پر ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی جیل خانہ جات کی سربراہی میں حقائق جاننے کے لیے کمیٹی تشکیل دیدی۔فیاض الحسن چوہان نے ہدایت کی ہے کہ کمیٹی ابتدائی تحقیقات کے بعد آئندہ 48 گھنٹوں میں رپورٹ پیش کرے،واقعے میں ملوث ملزمان اور جیل انتظامیہ کی جانب سے نااہلی پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔انہوںنے کہا کہ پنجاب بھر کی جیلوں میں موبائل، منشیات اور مافیاز کی سرکوبی میرا اولین مشن ہے،کسی بھی قیدی کے ساتھ قانون سے ہٹ کر امتیازی سلوک ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ 

مزیدخبریں