لاہور (صباح نیوز)گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ حکومت قائم رہے گی، عوام اپوزیشن نہیں حکومت کے ملکی ترقی کے بیانیے کے ساتھ کھڑی ہے ۔گورنر پنجاب چو ہدری محمد سرور سے وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی، جس میں سیاسی اور حکومتی امور پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر چوہدری محمد سرور نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان شفاف اور بلا تفریق احتساب سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، مسائل کا حل مذاکرات ہیں، لانگ مارچ اور دھرنے نہیں، موجودہ حکومت ملک میں شفافیت اور میرٹ کو حقیقی معنوں میں یقینی بنا رہی ہے، ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کی ذمہ داری حکومت ہر صورت پوری کرے گی۔ پاکستان آج کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے جو مخالفین کو برداشت نہیں ہو رہا۔پی ڈی ایم کے استعفوں سے حکومت نہیں ان کی اپنی اسمبلی رکنیت ختم ہوگی ۔ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے اور شفاف احتساب پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، وزیر اعظم عمران خان استعفی دیں گے نہ ہی 2023 سے پہلے الیکشن ہوں گے، پی ڈی ایم کا ایجنڈہ ملکی و قومی مفادات کا تحفظ نہیں صرف اپنا بچا ہے، اپوزیشن کے جلسوں سے حکومت کسی صورت خوفزدہ نہیں ہوگی۔