اسلام آباد(نا مہ نگار) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے کلیہ عربی و علوم اسلامیہ ٗ کلیہ سماجی علوم اور کلیہ تعلیم کے ایم ایس/ ایم فل اورپی ایچ ڈی پروگرامز کے فائنل امتحانات 11جنوری سے شروع ہورہے ہیں۔ یہ امتحانات یونیورسٹی کے مین کیمپس میں ہوں گے۔ طلبہ کو رول نمبر سلپس ارسال کردی گئی ہیں۔طلبہ اپنے رول نمبر سلپس یونیورسٹی کی ویب سائٹ سے بھی ڈائون لوڈ کرسکتے ہیں جو امتحانات میں شرکت کے لئے قابل قبول ہوں گے۔وائس چانسلر ٗ پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم کی واضح ہدایات پر امتحانی ہال میں طلبہ اور امتحانی عملے کے لئے ماسک پہننے کو لازم قرار دیا گیا ہے ۔امتحانی مراکز میں طلبہ کی سیٹوں کی ترتیب سماجی فاصلے کے اصولوں کو مد نظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔علاوہ ازیں 6جنوری کو یونیورسٹی کے شعبہ امتحانات سے جاری شدہ ایک مراسلے کے مطابق بی ایڈ کورس کوڈ 6467کا پرچہ جو 6۔نومبر 2020ء کو ہونا تھا بعض ناگزیر وجوہات کی بنا پر ملتوی کیا گیا تھا ٗ اب یہ پرچہ پورے ملک میں 21جنوری 2021ء کو منعقد ہوگا۔اِسی طرح 16۔نومبر 2020کو ہونے والے مختلف مضامین کے امتحانات جو کہ فیض آباد میں دھرنے کی وجہ سے اسلام آباد ریجن اور راولپنڈی کے شہری علاقوں میں ملتوی کیا گیا تھا ٗ اب اُن مضامین کے پرچے اسلام آباد ریجن اور راولپنڈی شہر کے طلبہ کے لئے 9فروری 2020ء کو ہوں گے۔ اِسی طرح آزاد کشمیر میں کورونا لاک ڈائون کی وجہ سے 23ٗ24اور 25نومبر 2020کو ہونے والے پرچہ جات جو ملتوی ہوگئے تھے ُ نئے شیڈول کے مطابق اب وہ پرچہ جات 10ٗ 11اور 12فروری 2021ء کو ہونگے۔