کراچی (نیوز رپورٹر) تحریک آزادی کے عظیم رہنما مولانا محمد علی جوہر کی برسی کے موقع پراکابرین ملت فورم کے تحت منعقدہ رئیس الاحرار کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر ٹیکسیشن ضلع وسطی شمعونہ صدف نے کہا ہے کہ مولانا محمد علی جوہر بر صغیر پاک و ہند میں مسلمانوں کی تحریک آزادی کے سب سے بڑے رہنما ، نڈر و بے باک صحافی، شعلہ بیان مقرر، سچے عاشق رسولﷺ، محب وطن، بلند پایہ ادیب و شاعر ،بلندی کردار کے عظیم پیکر، زعیم ملت اور قائد انقلاب تھے۔آزادی کے اس عظیم مجاہد نے بر صغیر کے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات کی بھرپور ترجمانی کی۔انہوں نے کہا کہ آپ کو نواب آف بھوپال اسٹیٹ کی جانب سے وزیر اعظم کے عہدے کی پیشکش کی جسے آپ نے قبول نہ کرتے ہوئے معذرت کرلی کیونکہ آپ کی سیاسی مصروفیات میں روز بروز اضافہ ہورہا تھا اور اب آپ کھل کر انگریزوں کے خلاف ہر معاملے پر انتہائی بے باکی اور بے خوفی سے بولنے لگے تھے اور مضامین بھی لکھ رہے تھے ۔جس کے نتائج کا کوئی بھی حکمران یا محکمہ متحمل نہیں ہوسکتا تھا اس لیے مولانا جوہر نے ریاست بھوپال کے بعد ایک اور ریاست سے آئی ہوئی وزارت عظمیٰ کی آفر کو بھی قبول کرنے سے معذرت کرلی اور جواب میں کہلا بھیجا کہ میں ملازمتوں کی قید سے آزاد رہ کر اپنی غلام قوم کو انگریز سے آزادی دلانا چاہتا ہوں ۔اپنے اس قو ل پر وہ آخری دم تک قائم رہے ۔کانفرنس سے محمد صدیق ملک،پروفیسر ملک محمد تنویر،شفیق احمد عباسی، پروفیسر زاہد الرشید، علامہ ذوالفقار علی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔
مولانا محمد علی جوہر عظیم رہنما اور سچے عاشق رسول ؐتھے، شمعونہ صدف
Jan 08, 2021