اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ خیبر پی کے محمود خان نے ملاقات کی۔ دونوں رہنمائوں نے سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعلیٰ نے خیبر پی کے فوڈ سکیورٹی پالیسی سے متعلق وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے فوڈ سکیورٹی پر اقدامات کو سراہا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ خیبر پی کے حکومت اشیاء ضروریہ کی وافر دستیابی کو یقینی بنائے۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ علاقائی برآمدات کے رجحان سے متعلق اعدادوشمار موصول ہوئے ہیں۔ نومبر دسمبر میں ہماری برآمدات کے مقابلے میں بھارت اور بنگلہ دیش کی برآمدات منفی رہیں۔ اس کامیابی پر وزارت تجارت اور برآمدکنندگان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ نومبر میں پاکستان کی برآمدات 8.32 فیصد جبکہ دسمبر میں 18.30 فیصد رہیں۔ نومبر میں بھارت کی برآمدات منفی 9.7 اور دسمبر میں منفی 0.8 فیصد رہیں۔ نومبر میں بنگلہ دیش کی برآمدات 0.76 فیصد اور دسمبر میں منفی 6.11 فیصد رہیں۔ وزیر اعظم عمران خان سے معروف ترک ڈارمہ سیریل ارتغرل کی بانی ٹیم نے کمال تیکدین کی سربراہی میں ملاقات کی۔ کمال تیکدین نے وزیر اعظم کا پاکستان میں ترک ڈراموں کو نشر کرنے کا اقدام قابل ستائش قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان اور ترک صدر رجب طیب اردگان کا ویژن ایک ہے کہ کسی بھی ملک کی ترقی کیلئے اس کی نوجوان نسل کو اپنی تاریخ اور اپنی تقافت سے آگاہی ہونا نہایت ضروری ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے وزیر اعظم کو بتایا کہ ہر سال 30 جون کو ترکی میں ترک لالہ کے احترام میں ان کا قومی دن منایا جاتا ہے۔ مزید یہ کہ ترکی کی ٹیم پاکستان حکومت کے اس منصوبے میں تعاون سے انتہائی خوش ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے اس موقع پر کہا کہ پاکستانی ڈرامے 80 کی دہائی تک پوری دنیا میں اپنی پہچان آپ تھے۔ پاکستانی فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کو مقامی تقافت کے فروغ کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ مغرب سے مرعوب نوجوان نسل کو اپنی اصل تقافت سے آگاہی دی جا سکے اور ایسی معاشرتی برائیوں سے بچایا جا سکے جس سے ہمسایہ ممالک کی نئی نسل مغربی مواد نشر ہونے کی وجہ سے دوچار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر پاکستانی فلم اور ڈرامہ انڈسٹری معیاری مقامی پیشکش نشر کرے تو نہ صرف یہ ترقی کرے گی بلکہ یہ نوجوان نسل کو سطحی اور گلیمرائزڈ نشری مواد کا متبادل فراہم کرے گی جس کو پذیرائے ملے گی جیسا کہ ارتغرل کے معاملے میں دیکھنے میں آیا۔ مزید وزیر اعظم نے کہا کہ برصغیر میں مسلمانوں کا اقتدار سنہری دور تھا مگر افسوس کہ نوجوان نسل کو اس کے بارے میں معلوم نہیں۔ کوشش کی جائے کہ اس سنہری دور پر فلم اور ڈرامہ بنا کر پراپیگنڈا کرنے والوں کے عزائم کو ناکام بنایا جائے۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم نے منصوبے کو سراہتے ہوئے حکومت کے طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔وزیراعظم کی زیر صدارت اکنامک آئوٹ ریچ ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ ڈاکٹر معید یوسف نے اقتصادی ڈپلومیسی سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے تعمیراتی منصوبوں کی پیش رفت پر عدم اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ شہری ترقی اور تعمیرات میں ماحولیاتی تحفظ کا خاص خیال رکھا جائے، سبزے کو حتی الامکان بچایا جائے بلکہ اس میں اضافہ کیا جائے۔ تعمیرات سیکٹر سے معیشت مستحکم ہو رہی ہے اور روزگار کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومتیں مراعات میں توسیع سے بھر پور فوائد حاصل کریں گی۔ جمعرات کو وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ، تعمیرات و ڈیویلپمنٹ کا ہفتہ وار اجلاس ہوا جس میں چیئرمین سی ڈی اے نے اجلاس کو سیکٹر ای الیون میں تعمیرات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ نیو بلیو ایریا منصوبے کے بارے بھی بریفنگ دی گئی۔ چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا نے صوبے کے 11 بڑے شہروں کے ماسٹر پلان کے حوالے سے بریف کیا۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ قبائلی اضلاع میں 8 مقامات کے لئے ماسٹر پلاننگ کا عمل جاری ہے۔ چیف سیکرٹری سندھ نے تعمیرات منصوبوں کی پیش رفت کے حوالے سے آگاہ کیا جس پر وزیر اعظم کی جانب سے عدم اطمینان کا اظہار کیا گیا۔وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کے شہری ترقی اور تعمیرات میں ماحولیاتی تحفظ کا خاص خیال رکھا جائے۔ سبزے کو حتی الامکان بچایا جائے بلکہ اس میں اضافہ کیا جائے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ تعمیرات سیکٹر سے معیشت مستحکم ہو رہی ہے اور روزگار کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومتیں مراعات میں توسیع سے بھر پور فوائد حاصل کریں گی۔وزیرِ اعظم عمران خان نے راوی اربن ڈویلپمنٹ منصوبے پر پیش رفت کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ منصوبے کے طے شدہ اہداف کو مقررہ وقت پر پورا کیا جائے اور ماحولیاتی تحفظ کے تمام قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے اس میں کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔ جمعرات کو وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت راوی اربن ڈویلپمنٹ منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔ اسکے علاوہ گورنر سندھ عمران اسماعیل، مشیر وزیرِ اعلی پنجاب ڈاکٹر سلمان شاہ، چیئرمین راوی اربن ڈویلیپمنٹ اتھارٹی راشد عزیز اور صوبائی چیف سیکریٹریز کی ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں راوی سٹی کے حوالے سے ماحولیاتی تحفظ کے اقدامات کی منظوری پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وفاقی وزیر فواد چوہدری کے بھائی معروف قانون دان ایڈ یشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب چوہدری فیصل فرید کی وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے خصوصی ملاقات ہوئی جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ وزیر اعظم عمران خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت مشکلات کے باوجود عوام کی فلاح و بہبود کے لیے پر عزم ہے۔ عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کے لئے کوشاں ہیں ملک کے سابق حکمرانوں کی کرپشن پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں ہو گا۔ کرپشن کا خاتمہ ہماری حکومت اور سیاست کا بنیادی ایجنڈا ہے اور اس پر کسی قسم کا سمجھوتے کی امید رکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ عوام کی لوٹے ہوئی دولت کو واپس لانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ اس موقع پر جہلم خصوصا تحصیل پنڈدادنخان کے لئے ترقیاتی منصوبوں پر بھی گفتگو کی گئی۔