3 واقعات: نشتر کالونی، مبینہ زیادتی کے بعد بچہ، اسلام آباد میں لڑکی قتل

Jan 08, 2021

لاہور‘ کاہنہ‘ اسلام  آباد‘ حافظ آباد‘ بہاولپور (نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت+ آن لائن+ نوائے وقت رپورٹ) نشتر کالونی کے علاقے میں 8سالہ بچے کو مبینہ طور پر زیادتی کے بعد سر میں اینٹیں مار مار کر قتل کر دیا گیا۔ سفاک درندوں نے زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد نعش گندے نالے میں پھینک دی۔ 8سالہ ارسلان کو ایک روز قبل نامعلوم افراد نے اغوا کیا تھا۔  کماہاں روڈ کے رہائشی غلام رسول کا 8سالہ بیٹا ایک روز قبل گھر سے چیز لینے کے لیے نکلا اور واپس نہ آیا۔  والد نے تھانہ نشتر کالونی میں نامعلوم افراد کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج کروا دیا۔ گزشتہ روز نالے میں  بچے کی نعش تیرتی دیکھ کر مقامی افراد نے پولیس کو اطلاع دی جسے  پولیس نے  قبضے میں لے لیا۔ اس کی  شناخت مغوی  ارسلان کے نام سے کر لی گئی۔ پولیس نے نعش پورسٹمارٹم کے لیے منتقل کر کے فرانزک ٹیم کے ذریعے جائے وقوعہ سے تمام شواہد اکٹھے کر کے تفتیش کا آغا زکر دیا ہے۔  پولیس کے مطابق بچے کو زیادتی کے بعد  قتل کیا گیا ہے کہ نہیں یہ پورسٹمارٹم رپورٹ آنے پر معلوم ہو گا۔ دوسری جانب سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی ماڈل ٹاؤن سے رپورٹ طلب  کر لی۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق حافظ آباد میں کسوکی بائی پاس کے قریب دکاندار نے مبینہ طور پر تیرہ سالہ  بچے سے زیادتی کر ڈالی۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ مقدمہ کے مطابق تیرہ سالہ بچہ  ملزم ارشد دہی بھلے والے کے پاس محنت مزدوری کرتا تھا۔ اسلام آباد سے  آن لائن کے مطابق  اسلام آباد کے تھانہ ترنول کی حدود میں واقع سنگجانی پل کے قریب کچرا کنڈی سے ایک لڑکی کی نعش ملی ہے، جسے پولیس نے پمز ہسپتال منتقل کردیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کی عمر تقریباً 16 سال تک، شناخت نہیں ہو سکی، بظاہر معلوم ہوتا ہے کہ لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کیا گیا ہے۔ تحقیقات جاری ہیں ۔ بہاولپور سے نوائے وقت  رپورٹ کے مطابق خاتون سے اجتماعی زیادتی کے الزام میں تین افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار افراد میں ایک خاتون بھی شامل ہے دیگر تین ملزموں کی تلاش جاری۔ پانچ روز پہلے خاتون کو گھر میں گھس کر آبادی کا نشانہ بنایا گیا تھا ملزموں نے ایک شخص کو بھی چھری سے حملہ کرکے زخمی کیا تھا۔

مزیدخبریں