اسلام آباد(نیوزرپورٹر)سینٹ کی مجلس قائمہ برائے داخلہ کے چئیرمین سینٹر رحمان ملک نے سانحہ مچھ کی تحقیقات کے لئے عدالتی کمیشن تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے علاقہ مچھ میں کان کنوں کے قتل کا واقعہ انتہائی اذیت ناک ہے۔ واقعے کی مکمل تحقیقات کے لئے عدالتی کمیشن تشکیل دیا جائے تاکہ سیکورٹی کے لئے ذمہ داران کا تعین ہو سکے اور پتہ چلے کہ کان کنوں کو تحفظ فراہم کرنے میں مقامی انتظامیہ اور مائنز سیکورٹی کی ناکامی کی وجوہات کیا تھیں۔انہوں نے کہا کیا کان کنوں کی گمشدگی کی اطلاع مقامی انتظامیہ کو دی گئی تھی کہ قتل سے پہلے انکو اغوا کیا گیا تھا، مقامی انتظامیہ یا مائنز سیکورٹی رہائشی علاقے سے ایک ہی مسلک کے اتنے زیادہ افراد کے اغوا کو کیوں نہیں روک سکے۔انہوں نے کہا کیا مائنز اور مائنز کی رہائشی علاقے میں مقامی و مائنز کی اپنی سیکورٹی کے انتظامات موجود ہیں، معلوم کیا جائے کہ کان کانوں کے لئے سیکیورٹی ایس او پی کیا ہے؟ایسے دردناک واقعات کی روک تھام کے لئے ضروری ہے کہ سخت اقدامات اٹھائے جائیں۔