اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیراطلاعات شبلی فراز نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ تمام دنیا ایک وبا سے نمٹ رہی ہے۔ عمران حکومت میں آئے تو سب سے پہلے غریب طبقے کو دیکھا۔ یہ ملک اتنا غریب نہیں تھا جتنا کر دیا گیا۔ عمران نے ہمیشہ غریب طبقے کا سوچا۔ غریب طبقے کو سہولتیں دینا وزیراعظم کی ترجیح ہے۔ احساس پروگرام‘ لنگرخانے اور پناہ گاہ سنٹر کو عالمی اداروں نے سراہا۔ پہلی دفعہ اس ملک میں ایسے اقدامات عمران نے کئے۔ سابق حکومتوں نے ایک خاص طبقے کو فائدہ پہنچایا۔ پہلی بار کوئی حکومت غریب آدمی کا سوچ رہی ہے۔ بدقسمتی سے ماضی میں ملکی وسائل کی منصفانہ تقسیم نہیں ہوئی۔ وزیراعظم ترقیاتی عمل میں پسماندہ علاقوں کو ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں۔ شبلی فراز نے کہا کہ یہ نہیں کہا جا سکتا کہ ملک دہشت گردوں سے پاک ہو چکا ہے۔ مچھ میں جو بھی ہوا‘ غلط ہوا۔ اس پر سیاسی بات نہیں کرنی چاہئے۔ چاہتے ہیں کہ شہداء کی تدفین بخیروخوبی ہو جائے۔ وزیراعظم بالکل کوئٹہ جائیں گے۔ ہم چاہتے ہیں کہ متاثرین کو معاوضہ وقت پر مل جائے۔ ہمیں مسائل ورثے میں ملے ہیں۔ یہ توقع کرنا کہ دو سال میں اسے سویڈن بنا دیں گے‘ ناجائز ہوگا۔ سانحہ مچھ کے ذمہ داروں کو کیفرکردار تک پہنچانا چاہئے۔ ہزارہ برادری کے ساتھ ماضی میں بھی ایسے دلخراش واقعات ہوئے ہیں۔ متاثرین اپنے غم میں ڈوبے ہوئے ہیں‘ ان کی کوئی ڈیمانڈ نہیں آئی۔ بعض لوگ سیاست کرتے اور پیچیدگی پیدا کر دیتے ہیں۔نجی ٹی وی سے گفتگو میں شبلی فراز نے کہا کہ پوری قوم سانحہ مچھ پر رنجیدہ ہے ہم ان گناہوں کی سزا پا رہے ہیں جو ماضی میں حکمرانوں نے فیصلے کئے اس مسئلے پر ہم سب کو ایک ہونا چاہئے ،وزیراعظم عمران خان کوئٹہ ضرور جائیں گے اور متاثرین سے ضرور ملاقات کریں گے، مسلم لیگ ن کے نمائندوں کی باتوں سے یہی لگ رہا ہے وہ اس معاملے پر سیاست کرنا چاہتے ہیں کسی کی تکلیف پر سیاسی پوائنٹ سکورنگ نہیں ہونی چاہئے ،شہریوں کے جان و مال کی حفاظت حکومت کا فرض ہے ہماری پہلی ترجیح ہے کہ دہشت گرد کے واقعات آئندہ نہ ہوں اور واقعہ میں ملوث عناصر کو گرفتار کیا جائے۔این این آ ئی کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے ادارہ برائے شماریات پاکستان کا دورہ کیا اور وفاقی وزیر کو شماریات ڈویژن کے حکام کی جانب سے اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ وزیر اطلاعات نے کہا وزیراعظم عمران خان کے ویژن کی روشنی میں پہلی مرتبہ سینٹرلائزڈ ڈیٹا کولیکشن پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ پاکستان کے عوام کو ریلیف کی فراہمی پاکستان تحریک انصاف حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
مسلم لیگ ن مچھ واقعہ پر سیاست کرنا چاہتی ہے،وزیراعظم کوئٹہ ضرور جائیں گے: شبلی فراز
Jan 08, 2021