اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان نے ملکی ساختہ گائیڈڈ ملٹی لانچ راکٹ سسٹم فتح ون کی آزمائشی پرواز کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے ٹویٹ میں بتایا ہے کہ پاکستان کا اپنا تیار کردہ ’فتح-1‘ گائیڈڈ ملٹی لانچ راکٹ سسٹم 140 کلومیٹر کے فاصلے تک روایتی وار ہیڈ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہتھیاروں کا یہ نظام پاک فوج کو دشمن کے علاقے کے اندر دور تک اہداف کو درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی استعداد بخشے گا۔ صدر مملکت، وزیراعظم عمران خان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور چیف آف آرمی سٹاف نے بھی کامیاب آزمائشی پرواز کے تجربے میں حصہ لینے والے دستوں اور سائنسدانوں کو مبارک باد پیش کی ہے۔