لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن، پی ایس ایل 6 کے لیے سخت کرونا9 پروٹوکولز بنانے کا پلان تیار کر لیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق پی ایس ایل کے میچز کے دوران ایس او پیز کی خلاف ورزی کسی طور برداشت نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پی ایس ایل کے لیے بائیو سیکور ببل 15 فروری سے شروع ہو جائے گا۔ذرائع کے مطابق غیر ملکی کھلاڑی ایک منفی ٹیسٹ کیساتھ پاکستان پہنچیں گے، کراچی میں کھلاڑیوں کی مزید دو مرتبہ ٹیسٹنگ ہو گی، ٹیسٹنگ میں منفی نتائَج آنے کے بعد ٹریننگ کی اجازت دی جائیگی۔ ٹیسٹ مثبت آنے والے کھلاڑی کو پانچ روزہ آئسولیشن میں رہنا پڑے گا، آئسولیشن کے دوران بھی دو بار ٹیسٹنگ کے مرحلے سے گزرنا پڑے گا۔ پی ایس ایل کا چھٹا ایڈیشن 20 فروری سے کراچی میں شروع ہو گا، پی ایس ایل دو مرحلوں کراچی اور لاہور میں کھیلا جائیگا۔