صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے کیوبا کے پاکستان میں سفیر گیبریل ٹیل کیپوٹے نے الوداعی ملاقات کی ۔اس دوران صدر عارف علوی نے کہاکہ پاکستان کیوبا کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے ۔ صدر عارف علوی نے کہاکہ پاکستان باہمی مفاد کیلئے تجارت ، معیشت ، صحت اور ثقافت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے،پاکستان 2005 کے زلزلے کے بعد طبی ٹیمیں اور پاکستانی میڈیکل طلبا کو وظائف فراہم کرنے پر کیوبا کو سراہتا ہے۔انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے شعبوں کی نشاندہی کی ضرورت ہے ۔صدر مملکت نے دونوں ممالک کے مابین ثقافتی اور پارلیمانی تبادلوں کی ضرورت پر بھی زوردیا۔ صدر مملکت عارف علوی نے امید ظاہرکی ہے کہ سبکدوش ہونے والے سفیر پاکستان اور کیوبا کے مابین تعلقات کو فروغ دینے کے لئے کام کرتے رہیں گے۔