ملتان (سپورٹس ڈیسک ) قومی کرکٹرز اور پی سی بی کے آفیشلز کو ویکسین بوسٹرز لگنے کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔این ایچ پی سی میں لاہور میں دستیاب کھلاڑیوں اور آفیشلز کو بوسٹر لگائے جا رہے ہیں، کپتان بابر اعظم امام الحق عثمان قادرنسیم شاہ اور فہیم اشرف سمیت آفیشلز کو بوسٹرشاٹس لگائے گئے۔دوسری جانب باقی قومی کرکٹرز کو ان کے شہروں میں بوسٹرز لگائے جا رہے ہیں۔واضح رہے کہ رواں ماہ پی ایس ایل کا ساتواں ایڈیشن 27 جنوری سے کراچی میں شروع ہوگا، جس کے باعث پی سی بی نے تمام کھلاڑیوں کو بوسٹر شاٹس لگوانے کا فیصلہ کیا ہے۔اس کے علاوہ ایونٹ کیلئے پی ایس ایل کے لیے کورونا ایس او پیز تیار کی گئی ہیں جس کے مطابق اگر کسی ٹیم کے 20 رکنی اسکواڈ میں سے 9 کھلاڑیوں کے کویڈ ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی تو میچ ملتوی کر دیا جائے گا۔تیار کردہ ایس او پیز کے تحت 8 کھلاڑیوں کے کورونا میں مبتلا ہونے کے باوجود میچ شیڈول کے مطابق ہوگا اور متاثرہ کھلاڑی 10 دن کے لیے قرنطینہ میں جائے گا جبکہ اس کا متبادل سیکیور ببل میں موجود کھلاڑیوں میں سے چنا جائے گا۔
کپتان بابر اعظم ‘امام الحق‘ عثمان قادر‘نسیم شاہ سمیت آفیشلز کو بوسٹرشاٹس لگائے گئے
Jan 08, 2022