جمعہ کے روز سینٹ میں اپوزیشن نے منی بجٹ کو عوام کے خلاف معاشی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے اسے یکسر مسترد کردیا ہے۔ اپوزیشن اراکین نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا منی بجٹ تازہ مہنگائی کے سونامی کا پیش خیمہ ہے، عوام آئندہ انتخابات میں ان پر ڈھائے جانے والے غضب کا اپنے ووٹ سے احتساب کریں گے۔ اپوزیشن نے کہا کہ یہ منی بجٹ بچوں اور بوڑھوں کو قتل کرنے کا سامان ہے، اپوزیشن ارکان نے کہا کہ آئی ایم ایف کے لئے عوام کی ہڈیاں نہ چپائیں، منی بجٹ پاکستان کی عوام کامعاشی قتل ہے اسے کسی صورت پارلیمنٹ سے پاس نہیں ہونا چاہیے۔ اپوزیشن کا کہنا تھا کہ حکومت عالمی مالیاتی اداروں کی لابیز کا شکار ہوکر ہتھیار ڈال چکی ہے۔ منی بجٹ پاکستان کی چلتی معشیت کا سقوط ہے۔ حکومت قرضوں کے مزید گرداب میں میں پھنسے گی۔ جو حکمران کہتے تھے کہ آئی ایم ایف جانے سے خود کشی کو ترجیح دیں گے آج ا ن کے اقدامات سے عوام خود کشیاں کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ تاہم حکومتی اراکین نے اپوزیشن کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ منی بجٹ کچھ بھی نہیں۔ یہ چائے کی پیالی میں ایک طوفان ہے۔ اپوزیشن اس بارے غلط فہمیاں پیدا کررہی ہے اپوزیشن قوم کو گمراہ نہ کرے۔