لاہور(سپورٹس رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر 2021 ایوارڈ ملنے پر ان کے والد اعظم صدیقی نے پیغام جاری کر دیا۔قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر 2021 کا ایوارڈ دیا گیا۔ اعظم صدیقی نے بابر اعظم کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ مجھے جتنی خوشی بابر اعظم کے ایوارڈ کی ہے اتنی ہی خوشی محمد رضوان، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی کو ایوارڈ دیے جانے کی بھی ہے۔انہوں نے طویل پوسٹ میں بیٹے سمیت تمام ایوارڈ یافتہ کھلاڑیوں اور پاکستان ٹیم کی محنت کو سراہا۔بابر اعظم کے والد نے لکھا کہ ایسا نہیں ہے کہ بابر میرا بیٹا ہے اور کپتان بھی بلکہ بابر کو ایک طرف کردیں، میں وثوق سے کہتا ہوں کہ پاکستانی ٹیم انشاء اللہ دنیا کی بہترین ٹیم بن رہی ہے جس کی ایک وجہ جہاں اچھے کھلاڑی ہیں وہیں ایک خاص کھلاڑیوں کا آپس میں اتفاق، اخلاص اور اعتماد ہے، یہ نوجوان ٹیم آگے اللہ کے فضل سے پاکستان کیلئے بہت کچھ جیتے گی۔ نوجوان ٹیم آگے اللہ کے فضل سے پاکستان کیلئے بہت کچھ جیتے گی آپس میں چھوٹے بڑے کا ادب کرنا، ایک دوسرے کا دفاع کرنا آپس میں ھنسی مذاق کرنا اور جب میدان میں اترنا تو جیت کا عزم لے کر اترنا ہے۔ ہارنے پر بھی ایک اور دوسرے کو حوصلہ دینا سینئرز کا جونیئرز کیساتھ دوستانہ رویہ اور سب سے بڑھ کر انتظامیہ اور پی سی بی کا ہر طرح سے تعاون اور مکمل اختیار پوری ٹیم کے حوصلے بلند کیے ہوئے ہے۔بابر اعظم کے والد نے لکھا کہ انشاء اللہ یہ ٹیم جو اب تک نا ممکن کو ممکن بنا رہی ہے آگے بھی قوم کی دعا سے فتوحات کا سلسلہ جاری رکھے گی۔