کابل (نوائے وقت رپورٹ) طالبان نے دنیا سے سیاست سے بالاتر ہو کر ہنگامی انسانی امداد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ برف باری اور سیلاب نے افغان عوام کی حالت زار کو مزید خراب کر دیا ہے۔ افغانستان کے نائب وزیر اعظم عبدالغنی برادر نے ایک ویڈیو اپیل میں کہا کہ افغان عوام کی مدد کرنا دنیا کی ذمے داری ہے۔ برادر نے کہا کہ اس وقت مختلف علاقوں میں لوگوں کے پاس کھانا، رہائش، گرم کپڑے یا پیسے نہیں ہیں، دنیا کو سیاسی تعصب سے بالاتر ہو کر افغان عوام کی حمایت کرنا ہوگی اور اپنی انسانی ذمے داریوں کو پورا کرنا ہو گا۔ طالبان ملک بھر میں بین الاقوامی امداد کی تقسیم میں مدد کے لیے تیار ہیں۔ ہم بین الاقوامی برادری، این جی اوز اور تمام ممالک سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ غریب لوگوں کو نہ بھولیں۔