سینٹ : منی بجٹ معاشی دہشتگردی ، اپوزیشن: کرپشن کے باعث قرض مانگنا پڑتا ہے : حکومت 

اسلام آباد (وقائع نگار) سینٹ میں اپوزیشن نے منی بجٹ کو عوام کے خلاف معاشی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔ اپوزیشن ارکان نے کہا کہ آئی ایم  ایف کے لئے عوام کی ہڈیاں نہ چپائیں، منی بجٹ پاکستان کی عوام کا معاشی قتل ہے،  اس کے ذریعے سے ایک تازہ دم سونامی مہنگائی کا آئے گا، عوام  اس معاشی دہشت گردی  کا انتقام لیں گے، یہ بجٹ بچوں اور بوڑھوں کے قتال کا بجٹ ہے، اس بجٹ کا واپس ہونا ضروری ہے کسی صورت منی بجٹ پاس نہیں ہونا چاہئے،  لابیز کے آگے سرینڈر نہ کریں۔ جبکہ حکمران حماعت کے سینیٹرز نے اپوزیشن اور سابقہ حکومتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فنانس بل کے حقائق بالکل بگاڑ کر یہ قوم کے سامنے رکھ رہے ہیں، ہم جو پروگرام کر رہے ہیں مجبوری کے اندر کررہے ہیں، ہماری برآمدات بڑھی ہیں، آئی ایم سے قرضوں کے ٹوٹل حجم کا 82فیصد پیپلز پارٹی  اورن لیگ کی حکومتوں نے لیا ہے،  آج کے پاکستان میں اداروں کی تیزی  سے بحالی ہو رہی ہے، ریونیوکلیکشن  عروج پر ہے،  دنیا بھر میں مہنگائی ہوئی ہے، ایک کھرب سے زیادہ کی سبسڈی دی جا چکی ہے، آنے والے دنوں میں مہنگائی میں کمی آئے گی۔ جمعہ کو سینٹ کا اجلاس چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں مالیاتی(ضمنی) بل 2021پر بحث کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے سینیٹر  مشتاق احمد  نے کہا کہ منی بجٹ پاکستان کی عوام کا معاشی قتل ہے اس کے ذریعے سے ایک تازہ دم سونامی مہنگائی کا آئے ہیں، کرائم ریٹ میں اضافہ ہو گا، یہ پاکستان کا معاشی سقوط ہے، سٹیٹ بینک آئی ایم ایف کی برانچ بن جائے گا، یہ حکومت کی اپنی ہی عوام کے خلاف معاشی دہشت گردی ہے، یہ دن دیہاڑے ڈاکہ ہے، عوام  اس معاشی دہشت گردی  کا انتقام لیں گے، آئی ایم  ایف کے لئے عوام کی ہڈیاں نہ چپائیں،  سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ خیبرپختونخوا میں غیر قانونی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر رخسانہ زبیری نے کہا کہ سٹیٹ بینک سے بھی اب حکومت قرضہ نہیں  لے سکے گی، عوامی نیشنل پارٹی کے  سینیٹر  ہدایت اللہ نے کہا کہ ملک مزید تجربوں کا متحمل نہیں ہو سکتا، مہنگائی‘ بے روزگاری کا سونامی تیزی سے چل رہی ہے،  عوام رو رہی ہے، مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر رانا مقبول احمد نے کہا کہ یہ بجٹ بچوں کے قتال کا بجٹ ہے بوڑھوں کے قتال کا بجٹ ہے۔ جمعیت علماء اسلام (ف) کے سینیٹر مولانا فیض محمد نے کہا کہ یہ بجٹ ظلم کا بجٹ ہے اس کو پاس نہ کیا جائے۔ پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے کہا یہ فنانس بل کے حقائق بالکل بگاڑ کر یہ قوم کے سامنے رکھ رہے ہیں۔ ن لیگ کی حکومت ملک کو دیوالیہ کر کے گئی، سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ ایک کھرب سے زیادہ کی سبسڈی دی جا چکی ہے،  آنے والے دنوں میں مہنگائی میں کمی آئے گی، اس موقع پر سینیٹر زرقا سہروردی تیمور اور سینیٹر ولید اقبال نے بھی  اظہار خیال کیا۔ سینٹ میں حکومتی اراکین نے کہا ہے کہ ضمنی مالیاتی بجٹ کے غریب عوام پر اثرات نہیں پڑیں گے، جمعہ کو ایوان بالا میں ضمنی مالیاتی بل 2021ء  پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے سینیٹر ڈاکٹر زرقا سہروردی نے کہا کہ یہ آئی ایم ایف کا 22واں پروگرام ہے۔ ماضی کی حکومتیں آئی ایم ایف کے پاس کیوں گئیں، ملک میں طویل عرصہ سے کرپشن پھیلی ہوئی ہے جس کے باعث قرض مانگنے جانا پڑتا ہے۔ سینیٹر چوہدری اعجاز نے کہا کہ غریب قیدیوں کو بھی نواز شریف کی طرح بہترین علاج کی سہولت میسر آسکتی ہے۔ وہ علاج کے نام پر ریلیف لے کر گئے، غریب بھوکوں  مر رہے ہیں، وہ بیرون ملک عیاشی کر رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے امریکہ کو ''ایبسلوٹلی ناٹ'' کہا۔ ریاست مدینہ کے لئے جدوجہد کرنا نجات کا راستہ ہے،  دنیا اور آخرت کی بھلائی ہے۔ تین سال میں ہماری حکومت نے 38.864 ارب قرض لیا اور 29.857 ارب قرض واپس کیا۔ کرونا کے باوجود معاشی اعشاریے مستحکم ہیں۔ وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ مسابقتی کمیشن کارٹیلائزیشن اور ناجائز منافع خوری پر قابو پانے کے لئے اقدامات کر رہا ہے، آئندہ تین چار ماہ میں مہنگائی میں نمایاں کمی آئے گی، گزشتہ سال کسانوں کو 11سو ارب روپے کی آمدن ہوئی ہے، گندم کی ریکارڈ پیداوار ہوئی ہے اور ریکارڈ کھاد، ٹریکٹروں اور موٹر سائیکلوں کی فروخت ہوئی ہے۔

ای پیپر دی نیشن