اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہوگا اور ادویات والے شعبے کو ریفنڈ بروقت ملے گا۔ سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس ہوا جس میں چیئرمین ایف بی آر اشفاق احمد نے بھی شرکت کی۔ دورانِ اجلاس چیئرمین ایف بی آر نے بتایا کہ ٹیکس فری سلائی مشین کی درآمد کو مس یوز کیا جا رہا ہے۔ اس پر فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ اس کو روکنا ایف بی آر کا کام ہے، سلائی مشین پر سیلز ٹیکس سے عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ ہوگا، امیر لوگ تو بوتیک جاتے ہیں لیکن غریب اب بھی اپنے کپڑے خود سیتا ہے۔ چیئرمین ایف بی آر نے اجلاس کو بتایا کہ آئی ایم ایف کہتا ہے تیزی سے ریفنڈ دیں اورغریبوں کو ڈائریکٹ سبسڈی دیں، رہ جانے والی زرعی اشیاء پر بھی سیلز ٹیکس عائد کیا جائے گا اور سیلز ٹیکس میں تمام فرق کو آئندہ 5 ماہ میں ختم کردیا جائے گا۔ اشفاق احمد نے مزید بتایا کہ ایف بی آر 48 گھنٹے میں ریفنڈ دے رہا ہے اور اس کا ریفنڈ نظام 98 فیصد درستگی پر چل رہا ہے۔ چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہوگا اور ادویات والے شعبے کو ریفنڈ بروقت ملے گا۔ ایف بی آر حکام نے اجلاس کو بتایا کہ نمک پر بھی سیلز ٹیکس عائد کردیا ہے، ائیرلائنزکی عارضی درآمدی اشیاء پر بھی سیلز ٹیکس عائد کیا گیا ہے، ائیرلائنز سیلز ٹیکس میں رجسٹرڈ ہوکرریٹرنز فائل نہیں کرنا چاہتیں۔