بارش ،حادثے : فیصل آباد 3 افراد ، لسبیلہ 3 بچے ، دیر بالا میں لیویز اہلکار جاں بحق 

Jan 08, 2022

لاہور، کراچی، اسلام آباد، کوئٹہ، پشاور (نوائے وقت رپورٹ، خبر نگارخصوصی +نامہ نگار+اپنے سٹاف رپورٹر سے) لاہور، کراچی اور اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا۔  موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقوں میں سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں، لاہور میں 110 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔ محکمہ موسمیات نے سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ بالائی علاقوں میں برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ لاہور میں شادمان، برانڈرتھ روڈ، شاہ جمال، علی پارک میں بجلی منقطع ہو گئی۔ رائل پارک، شاہدرہ، بیگم کوٹ، داتا نگر اور سگیاں کے علاوہ جوہرٹاؤن ،اچھرہ ،مزنگ ،شادی پورہ اور راوی روڈ کے علاقے بجلی سے محروم رہے۔ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے بھی شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا۔ گجرات، ننکانہ صاحب اور منچن آباد میں بھی بادل خوب برسے۔ جھنگ، پیر محل اور صفدر آباد میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی۔ اوچ شریف میں بھی مینہ برستا رہا۔ کراچی میں بھی موسم سرما کی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ وادی کوئٹہ و گردونواح میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کے بعد صوبے کے بیشتر اضلاع میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ خیبر پی کے میں میرانشاہ سمیت دیگر پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ رات بھر جاری رہا۔ وادی نیلم میں ایک دن کے وقفے کے بعد بارش اور برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں برفباری کے بعد موسم شدید سرد ہے، کئی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا۔ دریں اثناء لاہور کے علاقہ خدیجہ ٹائون، نیو فضل پورہ کوٹ عبدالمالک میں تین دن سے بجلی بند ہے، اہل علاقہ پریشان ہیں۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق تھانہ صدر سمندری کے علاقہ موٹروے ایم تھری پر موسلادھار بارش کے دوران 2 گاڑیوں کے تصادم میں لاہو ر کے رہائشی 2افرادجاں بحق ہوگئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق عمران اور زوہیب لاہور سے ملتان جارہے تھے۔ ضروری قانونی کارروائی کے بعد نعشیں ورثاکے سپرد کردی گئیں۔ لسبیلہ کے قریب گھر کی چھت گرنے سے تین بچے ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئے، دو افراد شدید زخمی بھی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ افسوسناک واقعہ اوتھل کے علاقے دیرجا گوٹھ شفیع محمد شاہوک میں پیش آیا۔ ملبہ ہٹا کر زخمیوں کو تشویشناک حالت میں قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ پشاور سے اے پی پی کے مطابق ضلع چارسدہ کی تحصیل شبقدرکے علاقہ مٹہ مغل خیل محلہ زرگران میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے 3 افراد زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ ادھر شموزکار دیربالا میں لینڈ سلائیڈنگ سے ایک لیویز اہلکار جاں بحق ہوگیا۔ جنگلوٹ سکردو روڈ ٹریفک کیلئے بلاک کردیا گیا۔ گلیات میں شدید برفباری کے باعث برفانی تودہ گرنے سے مرکزی شاہراہ بند ہوگئی۔  مری اور نتھیاگلی کا رابطہ منقطع ہوگیا۔ سماہی آزادکشمیر میں شدید برفباری کے باعث بجلی معطل اور انٹرنیٹ سروس بند ہوگئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق متاثرین میں خیمے، کمبل اور راشن ہیلی کاپٹر کے ذریعے پہنچائے گئے۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا تخمینہ لگانے کا عمل بھی جاری ہے جبکہ پاک فضائیہ کے سی ون تھرٹی طیاروں کے ذریعے پسنی میں امداد سامان پہنچایا گیا۔ پاک آرمی، نیوی اور ایف سی کے دستے گوادر میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کی ساحلی پٹی 46 گھنٹوں سے شدید بارشوں کی زد میں ہے۔ گوادر اولڈ ٹائون سے بھی پانی کا اخراج کیا گیا ہے۔ اسلام آ باد سے آئی این پی کے مطابق ترجمان پاک بحریہ نے کہا ہے کہ پاک بحریہ کا حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ بلوچستان کے دور دراز ساحلی علاقوں میں ریلیف آپریشن جاری ہے، پاک بحریہ کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں خوراک، پینے کا صاف پانی اور دیگر ضروریات زندگی کی فراہمی جاری ہے۔ پاک بحریہ کی میڈیکل ٹیموں نے مختلف علاقوں میں میڈیکل کیمپ بھی لگائے جہاں لوگوں کو علاج اور ادویات کی سہولتیں فراہم کی گئیں۔ راولپنڈی سے نوائے وقت رپورٹ کے مطابق مری میں اس وقت تک 125,000 سے زائد گاڑیاں داخل ہوچکی ہیں، مسلسل برفباری کا سلسلہ جاری ہے جسکی وجہ سے شہر میں بجلی کی سپلائی بھی تعطل کا شکار ہے، شہریوں سے گزارش کی گئی ہے کہ مری کا سفر کرنے سے گریز کریں۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق ریسکیو ذرائع کے مطابق جڑانوالہ روڈ محلہ بڑا محمد والا میں محمد اسلم کے گھر کی بوسیدہ چھت کا گارڈر اور بانس گرنے سے اس کی 55سالہ اہلیہ نسیم بی بی دب کرجاں بحق ہوگئی۔ مدینہ ٹاؤن کی اضافی آبادی یوسف آباد  میں ایک مسیحی خاندان  کا بانس سے بنا شیڈ گرنے سے6 افراد زخمی ہوگئے جن میں حفیظ، یوسف، زین، روبن، پرویز اور شہرام شامل ہیں۔مزید برآں جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد میںموسلادھار بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہو گئی۔ اسلام آباد سے نامہ نگار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بارش کے بعد پارلیمنٹ لاجز کی چھتیں ٹپکنے لگیں۔ پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شازیہ ثوبیہ کا کہنا تھا کہ چھت ٹپکنے کی شکایات کئی بار کرا چکی ہوں‘ عوامی نمائندوں کا یہ حال عام آدمی کا کیا ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے مطابق مری میں ہنگامی صورحال سے نمٹنے کیلئے شہریوں کا داخلہ بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان کاکہنا تھا کہ ٹریفک میں پھنسے افراد کو نکالنے کیلئے انتظامیہ اور پولیس متحرک ہیں۔

مزیدخبریں