عوام 27 فروری کو باہر نکلیں ، سلیکٹڈ وزیراعظم کو گھر بھیج دینگے : بلاول 

Jan 08, 2022

لاہور (نامہ نگار) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 27 فروری کو ملک بھر سے عوام نکلیں اور سلیکٹڈ وزیراعظم کو گھر بھیج دیں۔ لانگ مارچ سے قبل کسان مارچ اور پارلیمنٹ میں مؤثر احتجاج کا ٹریلر حکومت کے لئے ایک اہم سبق ہوگا۔ مہنگائی نے عوام کا جینا حرام کردیا، اب عمران خان کی سرکار ایک دن کے لئے بھی برداشت نہیں۔ پورے ملک میں موجودہ حکومت کے خلاف ایک زبردست تحریک اس وقت تک چلے گی جب تک ملک میں نئے الیکشن نہیں ہوتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز بلاول ہاؤس لاہور میں منعقد پی پی پی سندھ ایگزیکٹوز اور پی پی پی بلوچستان ایگزیکٹوز کے اجلاسز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ اگلے انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار بننے کے خواہش مند اپنی درخواستیں جمع کروا دیں۔ اجلاس میں پی پی پی سندھ کے عہدیداران نے صوبے کی سیاسی صورت حال سے متعلق بریفنگ اور 27 فروری کے لانگ مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ کسان ریلی کی تیاریوں کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔  بلاول بھٹو گزشتہ روز یوسف رضا گیلانی کی رہائش گاہ ڈیفنس پہنچے۔ بلاول نے یوسف رضا گیلانی سے ان کی خوشدامن اور پیر اسرار حسین شاہ کی اہلیہ کے انتقال پر تعزیت کی۔ بلاول بھٹو نے بلوچستان  میں حالیہ بارشوں سے ہونے والی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور اپنے بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان میں حالیہ بارش عوام کیلئے پریشانی کا باعث بن گئی۔ 

مزیدخبریں