راولپنڈی+ اسلام آباد (وقائع نگار+ جنرل رپورٹر) اسلام آباد ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے جائنٹ سیکرٹری کیلئے حافظ نفیس خان بلا مقابلہ منتخب، صدر اور سیکرٹری سمیت دیگر عہدوں کیلئے ساڑھے تین ہزار وکلاء آج حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک پولنگ ہوگی، صدارت کیلئے جنید اخترچوہان، چوہدری حفیظ اللہ ایوب، پیر فدا حسین ہاشمی، وقاص ملک، جنرل سیکرٹری کیلئے شاہد حسین جسرا اور محمد بلال مغل کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ضلعی بار ایسوسی ایشن راولپنڈی کے سالانہ انتخابات کیلئے آج ضلع کچہری راولپنڈی میں پولنگ کا عمل صبح 9بجے سے شام 5بجے تک راولپنڈی میں ہو گا۔ ضلع بھر سے 800کے قریب خواتین سمیت مجموعی طور پر 4369وکلاء اپنی قیادت کا چنائو کریں گے، صدارت کی سیٹ پر ارشد مجید ملک اور سردار طارق حسین کے درمیان ون ٹو ون مقابلہ ہو گا، سیکرٹری کی نشست پر شاہد محمود اور محمد آصف خان جدون اورملک مبشر رفاق اور راجہ امتیاز علی ہون امیدوار ہیں۔ نائب صدر کی نشست پر خاتون امیدوار آنسہ مہناز ستی، رانا عبدالقیوم اور محمد اصغر گوندل پر مشتمل3امیدوار میدان میں ہیںجبکہ جوائنٹ سیکرٹری کی نشست پر راجہ قیصر پرویز ستی، سردار شجاعت علی ، قاضی غنی الرحمان ،محمد اویس احسن راجہ اور محمد شعیب پر مشتمل 5امیداروں کے درمیان میدان لگے گا۔ اسی طرح مجلس عاملہ کی10 نشستوں پر 12امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہو گا جن میں چوہدری محمد خوشحال ،ذیشان فاروق ،ریحانہ گل اعوان ،زاہد الاسلام ، سعد علی ، سلیم رضا، ثمن شاہین ، سید علی طیب ، محمد جہانگیر ، محمد رضوان ، محمد عباس اعوان اور وقار احمد شامل ہیں۔
راولپنڈی‘ اسلام آباد ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشنز کے الیکشن آج ہوں گے
Jan 08, 2022