کراچی (نیوز رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و رکن سندھ اسمبلی خرم شیرزمان نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کے لانگ مارچ کو ڈھونگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلاول زرداری لانگ مارچ کس بنیاد پر کررہے ہیں؟بلاول صوبائی مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانا چاہتے ہیں اسی لیے لانگ مارچ کا ڈرامہ کررہے ہیں۔پارٹی سیکریٹریٹ انصاف ہاوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ سندھ کے لوکل گورنمنٹ کے منسٹر پنجاب میں تقریریں کررہے ہیں،یہ منسٹر سندھ کے سب سے نالائق اور ناکارہ منسٹر ہیں۔ سندھ کے لوگوں کے پیسوں سے لانگ مارچ کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ پی پی کی نالائقی کا عالم یہ ہے کہ سندھ کے 3.5ہزار اسکول بند کیے جارہے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں نیب اور ایف آئی اے ان اسکولوں کے اخراجات کی تحقیقات کرے۔ خیرپور میں 213 سے زائد محکمہ تعلیم میں جعلی بھرتیاں کی گئیں ہیں۔ بلاول لانگ مارچ میں عوام کو بتائیں کہ 13 سالوں میں ایک بس فراہم نہیں کی۔ بلو، ریڈ، اورنج لائن کی صرف باتیں سنی جاتیں ہیں لیکن اب تک کوئی عملی اقدامات نہیں کئے گئے۔ اس موقع پران کے ہمراہ سندھ اسمبلی میں پارٹی کے پارلیمانی لیڈربلال غفار، رکن سندھ اسمبلی شہزاد قریشی،پی ٹی آئی رہنما عدنان اسماعیل اور نواز مندوخیل موجود تھے۔ خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ چیف جسٹس تھر کے دورے کیلئے جارہے ہیں۔ چیف جسٹس سے گزارش ہے کہ آصف زرداری کے ایشیا کے بڑے آر او پلانٹ کا لازمی دورہ کریں۔ آصف زرداری کے اربوں کے آر او پلانٹ کرپشن کی نظر ہوچکے ہیں۔ ہمیں بہت خوشی ہوتی ہے جب چیف جسٹس سندھ حکومت کی نالائقی کو ہائیلاٹ کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کا محکمہ داخلہ کا قلمدان مراد علی شاہ کے پاس ہے، کراچی میں ہزاروں کی تعداد میں گاڑیاں، موبائل فون چھنے گئے۔ چھینی گئی گاڑیوں کے نقصان کا تخمینہ 4 ارب سے زائد ہیں۔ سندھ کا سب سے زیادہ کرپٹ ادارہ لا اسٹاک ہے، آج تک نہیں معلوم 1 ارب کی مچھلیاں کس کو کھلائی گئیں۔