ملتان(نمائندہ نوائے وقت) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ملتان میں پہلے احساس راشن رعایت کریانہ سٹور کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی) اور احساس کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔ڈاکٹر ثانیہ نشترنے پرانا شجاع آباد روڈ پر واقع کریانہ سٹور پر ملتان میں راشن پروگرام کے پہلے گاہک عمران کی رجسٹریشن کی۔انہوں نے عمران کا شناختی کارڈ اور موبائل نمبر8171پر میسج کیا اور رجسٹریشن کے بعد اسے دوکلوگھی اور پانچ کلوآٹے کی خریداری پر 320روپے کی رعایت دی گئی۔اس موقع پر انہوں نے کہاکہ راشن پروگرام سے دوکروڑ خاندان مستفید ہوں گے اورہم وزیراعظم عمران کی قیادت میں ملک سے غربت کے خاتمے کے لیے اپنا سفر جاری رکھیں گے۔اس موقع پر دکاندار چوہدری خالد نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ اس پروگرام کا حصہ بننے کے لئے میں نے رضاکارانہ طورپر خدمات پیش کیں۔مجھ سے بہت سے لوگ اس پروگرام سے فائدہ اٹھانے کے لیے رابطہ کررہے ہیں اورمجھے یقین ہے کہ اس علاقے میں غریبوں کی بڑی تعداد کو احساس راشن پروگرام مہنگائی سے نجات دلائے گا۔کریانہ مالکان کی رجسٹریشن جاری ہے۔ ڈاکٹر ثانیہ نے مقامی کریانہ ریٹیلرز، این بی پی ٹیم اور مقامی پریس اور الیکٹرانک میڈیا کے ساتھ ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں اجلاس کی صدارت کی۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ حکومت کریانہ ریٹیلرز کو سبسڈی کی رقم پر 8% کمیشن دے گی اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ریٹیلرز کو کاریں، موٹر سائیکلیں، موبائل فون وغیرہ دینے کے لیے سہ ماہی قرعہ اندازی ہوگی۔ بعد ازاں، ڈاکٹر ثانیہ ملتان کے اولڈ شجاع آباد روڈ پر مارکیٹ میں کریانہ ریٹیلرز سے احساس راشن پروگرام کے بارے میں بات کرنے گئیں۔
ڈاکٹرثانیہ نشتر نے ملتان میں پہلے احساس راشن رعایت کریانہ سٹور کا افتتاح کر دیا
Jan 08, 2022