اسلام آباد(نا مہ نگار)چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی سے عمان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے چیئرمین انجینئر ریدھا الصالح کی قیادت میں تجارتی وفد نے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان اور عمان مذہبی اور ثقافتی مماثلتوں میں جڑے ہوئے ہیں اور دونوں ملک اپنی جغرافیائی قربت کو سامنے رکھتے ہوئے اقتصادی اور تجارتی تعاون کو فروغ دینے اور سیاحت کے شعبے میں باہمی تعاون کے فروغ کے لئے اقدامات اٹھا سکتے ہیں ۔چیئرمین سینیٹ نے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔ملاقات میں سینیٹر ز حافظ عبدالکریم، دلاور خان، منظور احمد کاکڑ، کہدہ بابر، ذیشان خانزادہ،فیصل سلیم اور سیکرٹری سینیٹ محمد قاسم صمد خان بھی شریک تھے۔فیڈریشن آف چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز، اسلام آباد چیمبر آف کامرس اور گوادر چیمبر آف کامرس کے اعلی عہداران اور نمائندے بھی موجود تھے۔
پاکستان‘عمان مذہبی و ثقافتی مماثلتوں میں جڑے ہوئے ہیں‘صادق سنجرانی
Jan 08, 2022