سڈنی(آئی این پی) سابق آسٹریلوی لیگ اسپنر شین وارن کی نئی ڈاکیو مینٹری میں کئے گئے سنسنی خیز انکشافات نے ایک بار پھر پنڈورا باکس کھول دیا ہے۔شین وارن نے سابق پاکستانی کپتان سلیم ملک پر فکسنگ کیالزامات دہرا دیئے، شین وارن نے انکشاف کیا ہے کہ سلیم ملک نے1994میں کراچی ٹیسٹ ہارنے کیلئے فکسنگ کی آفر کی، جس کے لئے ٹیسٹ میچ کیچوتھیروز سلیم ملک نے مجھ سے رابطہ کیا اور ہارنے کی صورت میں مجھے اور ساتھی کھلاڑی ٹم مے کو 2،2لاکھ ڈالرز کی پیشکش کی گئی۔سلیم ملک نے کہا کہ آپ اور ٹم مے میچ کے آخری روز اسٹمپ کے باہر بولنگ کرینگے اور وکٹ لینے کی کوشش نہیں کرینگے۔ شین وارن کے مطابق سلیم ملک نے کہا آپ نہیں جانتے ہیں کہ پاکستان میں ہارنے کا مطلب کیاہے؟ سلیم ملک کہہ رہے تھے کہ ہار کی صورت میں ہمارے گھرجلا دیئے جائیں گے۔شین واران نے اپنی نئی ڈاکیو مینٹری میں بتایا کہ میں حیران ہوا اس وقت سمجھ نہیں آیا کیاجواب دوں؟ بعد میں میں نے پیشکش مسترد کردی اور سلیم ملک کو کہا کہ ہم یہ میچ جیتیں گے، میں نے اس واقعے کے بعد کبھی سلیم ملک سے رابطہ نہیں کیا۔شین وارن کی نئی ڈاکیومینٹری رواں ماہ کے آخر میں ایمیزون پرائم پر نشر کی جائے گی۔