لاہور ( خصوصی نامہ نگار ) انجمن اہلحدیث لاہور کے صدر اور جامع محمد ی اہلحدیث سنت نگر ، فردوس پارک کے خطیب مولانا فضل الرحمن بن محمد نے خطبہ جمعہ کے دوران کہا کہ ہر انسان کسی نہ کسی صورت میں گناہوں کی زد میں رہتا ہے۔ وہ ظاہری یا پوشید ہ ہوتے ہیں۔ اس معاشرے میں رہتے ہوئے ہمیں دوسروں کے گناہ اور کمزوریاں تو نظر آتی ہیں لیکن وہ خود اس برائی سے کتنا آلودہ ہے۔ اس پر دھیان نہیں ہوتا۔ لہذا مسلمان کا کام اپنے بھائی کو ذلیل و رسوا کرنا نہیں بلکہ اس کی پردہ پوشی اور خیر خواہی کرنی چاہیے۔ اس کا اللہ کے نزدیک بڑا اجر و ثواب ہے اس لیے دوسروں کے عیب ڈھونڈنے کی بجائے اپنی اصلاح کرنی چاہیے۔ قرآن پاک نے بدگمانی ، تجسس اورغیب سے روکا ہے۔ کچھ لوگ اپنے عیب اور برائیاں خود فخریہ انداز میں بیان کرتے ہیں۔ فرمان نبوی ہے۔ ’’ میری امت بخشی جائے سوائے اعلانیہ گناہ کرنے والوں کے ‘‘ عقل مند انسان وہی ہے جو اپنی اصلاح کرے اور خود کو اللہ کے عذاب سے بچانے کی کوشش کرے۔ اللہ سے دعا ہے کہ ہمیں قرآن و سنت کے مطابق عمل کی توفیق عطا فرمائے۔