لاہور(خصوصی نامہ نگار )جمعیت علماء پاکستان کے رہنماء علامہ قاری محمد زوار بہادر نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے منی بجٹ حکمرانوں کو لے ڈوبے گا۔ عوام مہنگائی کے نئے سیلاب کو برداشت کرنے کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ یہ عوام کے خلاف موت کا پروانہ ہے۔ وزیر خزانہ کی طرف سے عوام پر صرف 2 ارب کا بوجھ ڈالا گیا ہے۔ غریب عوام کے ساتھ بہت بڑا مذاق اور ملک کی 90فیصد آبادی کو بھوک اور افلاس سے موت کے منہ میں ڈالنا ہے۔ اشیائے خورو نوش ،بجلی ، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوراً کمی کر کے غریب عوام کو زندہ رہنے کا حق دیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو پی گوجرانوالہ کے رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ملک محمد جاوید،حاجی عبدالرشیدرضوی،حافظ عبدالرشید سلطانی،مولانایوسف صدیقی ،حافظ نصیر احمدنورانی،رشید احمد رضوی اور دیگر رہنما شامل تھے۔قاری زوار بہادر نے کہاکہ مہنگائی ، بے روز گاری اور بجلی کے بحران سے تنگ عوام کے سینوں میں ایک نیا لاوا پکنا شروع ہو گیا ہے۔پی ٹی آئی کی حکومت کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر عوام کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے انتہائی مؤثراقدامات کرے۔
منی بجٹ حکمرانوں کو لے ڈوبے گا،عوام مزید مہنگائی کے متحمل نہیں:زوار بہادر
Jan 08, 2022